آل پاکستان انجمن تاجران 241

سیاسی کشمکش معیشت کیلئے زہر قاتل،ہر شعبہ اضطراب کا شکار ہے ‘ آل پاکستان انجمن تاجران

لاہور/کراچی/سیالکوٹ/فیصل آباد( رپورٹنگ آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران نے ملک میں جاری سیاسی کشمکش کو معیشت کیلئے زہر قاتل قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ کورونالاک ڈائون کی وجہ سے بری طرح متاثر ہونے والے تاجروں سمیت ہرشعبہ اضطراب کاشکار ہے ،معیشت کے حوالے سے حقیقت پر مبنی اعدادوشمار کا جائزہ لیا جائے توحالات انتہائی گھمبیر ہیں ، مہنگائی کی بے قابو ہوتی شرح نے کاروبار کو غیر مستحکم کرکے ایک جگہ پر منجمدکردیا ہے جو معیشت کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ آل پاکستان انجمن تاجران کا ہنگامی اجلاس مرکزی صدراشرف بھٹی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میںدوسرے اضلاع کے تاجررہنما بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے ۔اجلاس میں مرکزی سیکرٹری جنرل محبوب سرکی،لاہورکے صدر میاںطارق فیروز،سینئر نائب صدر نعیم بادشاہ،رفعت سلیم ،ملک ناظم،میاںسلیم ،حاجی سعید،شیخ ارشد،خواجہ ندیم سمیت دیگر نے بھی شرکت کی ۔

اشرف بھٹی نے کہاکہ سیاسی جماعتوں کو تحمل وبرداشت کامظاہرہ کرناچاہیے اورسیاسی لڑائی کو اس حد تک نہ لے جایا جائے جس کے ملک پر منفی اثرات مرتب ہوں۔ ملک میں جاری سیاسی کشمکش کی وجہ سے ہر طبقہ اضطراب میں مبتلاہے او ریہ کیفیت معیشت کیلئے زہرقاتل ہے۔ ایسی صورتحال میں مقامی سرمایہ کار خوفزدہ ہو جاتا ہے جس سے مارکیٹ میں سرمائے کی قلت پیدا ہو جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل کی شفافیت سمیت ہر طرح کے معاملات پر بات چیت کے دروازے کھلے رکھنے چاہئیں تاکہ ڈیڈلاک کی صورتحال پیدا نہ ہو ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ ملک بھرکے تاجروں سے ہونے والے رابطوںمیں کاروبار اورمعیشت کے حوالے سے جواطلاعات مل رہی ہیں وہ حوصلہ افزاء نہیں ہیں اس لئے بہتری کیلئے اس کا نوٹس لیا جانا چاہیے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں