کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم کے بیان پرردعمل دیتے ہوئے کہاہے کہ سیاسی منافقت کی انتہا ہے، پنجاب میں بیٹھ کر حافظ نعیم سندھ بلدیاتی نظام کو ٹارگٹ کر رہے ہیں، حالانکہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات نہیں ہوئے۔
انہوں نے کہاکہ لگتا ہے حافظ نعیم اب تک میئر نہ بن سکنے کے صدمے سے نہیں نکلے ہیں۔سندھ میں بلدیاتی نظام اپنی آئینی حدود کے اندر کام کر رہا ہے، جماعت اسلامی کا کام عوام کو گمراہ کرنا ہے۔شرجیل انعام میمن نے کہاکہ اگر حافظ نعیم کو سندھ کے بلدیاتی نظام سے اتنا ہی مسئلہ ہے تو وہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بھی اسی شد و مد سے آواز کیوں نہیں اٹھاتے۔حافظ نعیم کی جانب سے اپنی سیاسی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے حکومت سندھ پر الزامات لگانا مناسب نہیں۔
حافظ نعیم شاید بھول رہے ہیں کہ پی ٹی آئی کے جن ممبران پر انہوں نے مقدمے قائم کئے تھے، انہوں نے حافظ نعیم کو ووٹ دینا پسند نہیں کیا۔سینئروزیرسندھ نے کہاکہ جماعت اسلامی کو کبھی عوام کے ووٹ سے کراچی کی میئرشپ نہیں ملی،ان کے دو میئر آمریت کے مرہون منت تھے۔جماعت والوں کو بھی اب تعمیری سیاست کرنی چاہئے، نفرت پر مبنی بیانات کے ذریعے عوام کو گمراہ نہ کریں۔