سہیل آفریدی 46

سہیل آفریدی کا عوام کو سولر سسٹم فراہمی کیلئے تمام تقاضے مکمل کرنے کا حکم

پشاور(رپورٹنگ آن لائن) وزیر اعلیٰ خیبر پختوںخوا سہیل آفریدی نے عوام کو سولر سسٹم کی بروقت فراہمی کے لیے تمام تقاضے بلاتاخیر مکمل کیے جائیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کے زیر صدارت صوبے میں گھروں کی سولرائزیشن کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں منصوبے کے تحت اہل گھرانوں کو مجوزہ سولر سسٹم کی فراہمی کا عمل جلد شروع کرنے کی ہدایت کردی۔

اُنہوں نے کہا کہ سولر سسٹم کی بروقت فراہمی کے لیے تمام تقاضے بلاتاخیر مکمل کیے جائیں، مستحق آبادی کے گھروں کی سولرائزیشن عوام کو ریلیف دینے کا فلیگ شپ منصوبہ ہے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو سہولیات کی فراہمی پر خطیر وسائل خرچ کر رہی ہے، اس کے ثمرات بھی مستحقین تک بروقت پہنچنے چاہئیں، منصوبے کے تحت صوبہ بھر بشمول ضم اضلاع ایک لاکھ تیس ہزار مستحق گھرانوں کو سولر یونٹس فراہم کیے جائیں گے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ پہلی کیٹیگری میں 65 ہزار گھرانوں کو مفت اور دوسری میں 65 ہزار کو آدھی قیمت پر سولر یونٹس دیے جائیں گے، منصوبے کا پی سی ون تیار ہے، پی ڈی ڈبلیو پی کے آئندہ اجلاس میں منظوری لی جائے گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ اے آئی پی کے تحت ضم اضلاع کے لیے ایک علیحدہ سولرائزیشن منصوبے پر بھی پیش رفت جاری ہے، منصوبے کے تحت ضم اضلاع کے ایک لاکھ بیس ہزار مستحق گھرانوں کی سولرائزیشن شامل ہے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ ضم اضلاع کے لیے منصوبہ صوبائی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں حتمی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا، سولرائزیشن منصوبوں میں صوبے کے تمام اضلاع کو آبادی کے تناسب سے حصہ دیا جا رہا ہے۔

سہیل آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ سولرائزیشن منصوبوں میں بیوہ خواتین، خصوصی افراد، ٹی ڈی پیز اور آف گرڈ علاقوں کو ترجیح دی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں