لاہور ہائی کورٹ

سگے یتیم بھتیجے کو قتل کرنے کے مقدمے میں پھانسی کی سزا پانے والے مجرم چچا کی اپیل خارج

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے سگے یتیم بھتیجے کو قتل کرنے کے مقدمے میں پھانسی کی سزا پانے والے مجرم چچا کی اپیل خارج کر دی ،دو رکنی بنچ نے پھانسی کے مجرم محمد عارف کی سزا عمر قید میں تبدیل کردی۔

جسٹس فاروق حیدر اور جسٹس علی ضیا باجوہ پر مشتمل سپیشل بنچ نے مجرم کی اپیل پرسماعت کی،ڈپٹی پراسیکیوٹرجنرل نزہت بشیر نے مجرم کی سزا کے خلاف اپیل کی مخالفت کی اور عدالت کو بتایا کہ مجرم نے غازی آباد لاہور کے علاقہ میں مکان کا حصہ نہ دینے پر سگے یتیم بھتیجے کو قتل کیا ، تھانہ غازی آباد لاہور نے دلاور کے قتل اور اس کے دوسرے بھائی اور بہن کوزخمی کرنے کا مقدمہ درج کیا۔

ڈپٹی پراسیکیوٹرجنرل نے دلائل دیتے ہوئے مزید کہا کہ پولیس تفتیش ، میڈیکل رپورٹ اور گواہوں کے بیانات کے مطابق مجرم قصور وار ہے،ٹرائل کورٹ نے پولیس تفتیش ،فریقین کے وکلا کے دلائل کے بعد مجرم کو میرٹ پر پھانسی کا حکم سنایا ، پراسیکیوٹر نزہت بشیر نے دلائل دیتے ہوئے استدعا کی کہ مجرم کی سزائے موت کے خلاف اپیل خارج کی جائے ۔

وکیل صفائی نے مجرم کی بریت کے لئے دلائل دئیے لیکن عدالت کو مطمئن نہ کرسکے۔ دو رکنی بنچ نے فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد آلہ قتل کی برآمدگی ثابت نہ ہونے پر سزائے موت عمر قید میں تبدیل کی۔