آئی ایس پی آر 39

سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا،آئی ایس پی آر

راولپنڈی (رپورٹنگ آن لائن)سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں دو الگ الگ کارروائیوں میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ “الخوارج” سے تعلق رکھنے والے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ہفتے کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق سکیورٹی فورسز نےٹانک ڈسٹرکٹ میں ایک خفیہ اطلاع کی بنیاد پر آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران پاک فوج نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 7 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔

سکیورٹی فورسز نےلکی مروت ڈسٹرکٹ میں بھی خوارج کے خلاف خفیہ اطلاع پر مبنی ایک اور آپریشن کیا جہاں فائرنگ کے تبادلے میں مزید 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔بھارت کی حمایت یافتہ سرگرم ان خوارج دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ یہ تمام دہشت گرد سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔علاقے میں موجود کسی بھی بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔ وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظوری کے مطابق ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت جاری سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف بھرپور مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی تاکہ بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کو ملک سے ہمیشہ کے لیے ختم کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں