رضا الرحمن 64

سکول کے نصاب میں انٹرپرینیورشپ، فنانشل لٹریسی اور ٹیک سکلز شامل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ،رضا الرحمن

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)ممتاز ماہر تعلیم رضا الرحمن نے کہا ہے کہ سکول کے نصاب میں انٹرپرینیورشپ، فنانشل لٹریسی اور ٹیک سکلز شامل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے نصاب میں تبدیلی کا مقصد جدت لاکر رٹا ختم کرنا ہونا چاہیے ، پروجیکٹ بیسڈ لرننگ اور عملی کاروباری تعلیم کی طرف آئیں ،ترقی یافتہ ممالک کی طرح بچوں کو خواب سے کاروبار تک کا سفر سکھانا ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار تعلیمی شعبے کے ماہرین کے مذاکرے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر نظام تعلیم کی بہتری کے لئے مختلف تجاویز پیش کی گئیں اور ان پر بحث و مباحثہ کیا گیا ۔ رضا الرحمن نے کہا کہ آج کا طالبعلم ایسی دنیا میں قدم رکھ رہا ہے جہاں صرف امتحان پاس کرنا اور نمبرز لینا کافی نہیں رہا۔ موجودہ دور میں کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ نوجوان زندگی، معیشت اور حقیقی دنیا کے مسائل کو سمجھیں، ان کا حل ڈھونڈیں اور خود اپنے لیے مواقع پیدا کرنے کے قابل ہوں۔

ہماری بڑی کمزوری یہ ہے کہ ہم نے سکولوں میں تعلیم کو زیادہ تر رٹے، کتاب اور پیپر تک محدود کر دیا ہے جبکہ دنیا ہنر، تخلیق، ٹیکنالوجی اور انٹرپرینیورشپ کی بنیاد پر آگے بڑھ رہی ہے۔ اس صورتحال میں میرا یہ مشورہ ہے کہ پاکستان کے تمام سرکاری و نجی سکول اپنے تعلیمی نظام کو مرحلہ وار ”ڈریم ٹو بزنس ”ماڈل کی طرف منتقل کریں، یعنی ایسی تعلیم دی جائے جہاں خواب صرف سوچ نہیں بلکہ عملی منصوبہ اور آگے چل کر کاروبار بن جائیں۔انہوں نے کہاکہ نصاب کی تبدیلی کے معاملے میں ہم پہلے ہی بہت تاخیر کر چکے ہیں لیکن اب غفلت کی کوئی گنجائش باقی نہیں اور اس حوالے سے ایمرجنسی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں