اسلام آبا د(رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کوہاٹ میں شکردرہ روڈ کوہاٹ پر پولیس موبائل پر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے حملے کے نتیجے میں ڈی ایس پی اسد محمود خان سمیت سات افراد کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
بدھ کو اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے شہید ڈی ایس پی اسد محمود خان، سب انسپکٹر انار گل، ہیڈ کانسٹیبل وہاب علی، کانسٹیبل مدثر اور کانسٹیبل سید عامر عباس کو خراجِ عقیدت پیش کیا اورشہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم شہدا کے اہلخانہ کے غم اور دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ انہوںنے کہاکہ دہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں ، پولیس موبائل کو نشانہ بنانا کھلی دہشتگردی اور بزدلانہ کارروائی ہے، دہشتگرد عناصر کا اسلام، پاکستان اور انسانیت سے کوئی تعلق نہیں ہے، ہمارا مذہب کسی بے گناہ کے قتل کی اجازت نہیں دیتا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے دہشتگرد حملے میں زخمی پولیس اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے،ہمارے شہدا کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا۔دہشتگردی کے ناسور کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری قوم اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا عزم غیر متزلزل ہے۔انہوںنے کہاکہ ملک میں امن و استحکام کے قیام تک دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ سپیکر قومی اسمبلی نے شہدا کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔









