ظہیراحمد بابرسدھو

سپیکر قومی اسمبلی کاپارلیمانی کردار اور معزز ارکان کی پاک فضائیہ کے حق میں یکجہتی قابلِ فخر ہے ،ایئرچیف مارشل ظہیراحمد بابرسدھو کا سپیکر کے نام اظہار تشکر کا خط

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن )ایئرچیف مارشل ظہیراحمد بابرسدھو نے سپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے پارلیمانی کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے معزز ارکان کی پاک فضائیہ کے حق میں یکجہتی قابلِ فخر ہے ، بھارتی جارحیت کے خلاف قومی یکجہتی قائم کرنے کیلئے ان کا کردار قابل ستائش ہے۔

جمعرات کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ایئرچیف مارشل ظہیراحمد بابر سدھو نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے نام اظہار تشکر کا خط ارسال کیاہے جس میں انہوں نے سپیکر قومی اسمبلی کے پارلیمانی کردار کی تعریف کی ہے،بھارتی جارحیت کے خلاف قومی یکجہتی قائم کرنے کیلئے سپیکر سردار ایاز صادق کا کردار قابل ستائش ہے، قومی اتحاد کے مظاہرے پر پاک فضائیہ پارلیمانی قیادت کی شکر گزار ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے معزز ارکان کی پاک فضائیہ کے حق میں یکجہتی قابلِ فخر ہے، دشمن کی جارحیت کے مؤثر جواب دینے پر پارلیمانی و قومی قیادت کی جانب سے خراج تحسین ناقابل فراموش ہے، پاک فضائیہ کی کامیابی ربِ کریم کی خاص عنایت اور قومی اتحاد و یکجہتی کا نتیجہ ہے۔ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ قومی اتحاد و یکجہتی نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا،قوم کی حمایت سے مسلح افواج ہر چیلنج سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، پاک فضائیہ ملکی سرحدوں کے دفاع کیلئے ہر لمحہ تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ ملکی سرحدوں کی حفاظت کو اپنی مقدس ذمہ داری سمجھتی ہے۔ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے قومی اہداف کی تکمیل کے لئے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعاد ہ کیا۔واضح رہے کہ ایئر چیف مارشل کا خط سپیکر قومی اسمبلی کے خط کے جواب میں لکھا گیا ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر اور ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو خطوط ارسال کئے تھے۔خطوط میں مسلح افواج بلخصوص پاک فضائیہ کی غیر معمولی جرات، بہادری، مہارت، اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا تھا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے اپنے خط میں پارلیمان کی جانب سے مسلح افواج کے ساتھ غیر متزلزل حمایت اور یکجہتی کا اظہار کیا تھا۔