سردار ایاز صادق 33

سپیکر قومی اسمبلی سے برطانوی ہائی کمشن کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات ،اہم پارلیمانی و علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے منگل کو برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات اور اہم پارلیمانی و علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر نے برطانوی سفارت کار سے بات چیت میں کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے تاریخی دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کے تمام اراکین کے ساتھ خوشگوار تعلقات ہیں کیونکہ یہ قومی اسمبلی کا ایک اہم جز ہے۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے پاکستان میں پارلیمانی کمیٹیوں کے نظام کو فعال بنانے میں برطانیہ کے تعاون کو سراہا اور کہا کہ قومی اسمبلی کی تمام قائمہ کمیٹیاں مکمل طور پر فعال ہیں۔پاکستان کئی دہائیوں سے دہشت گردی کا شکار ہے اور اس سے نبرد آزما ہونے میں پرعزم ہے۔

اسپیکر سردار ایاز صادق نے دونوں ممالک میں پارلیمانی و عوامی سطح پر رابطوں کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور کہاکہ پارلیمانی اور عوامی روابط کے فروغ سے دونوں اقوام کے درمیان ہم آہنگی میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک عالمی چیلنج ہے۔پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے برطانیہ کی جانب سے تعاون خوش آئند ہے۔پاکستان کی پارلیمان میں خواتین کے حقوق اور فلاح و بہبود کے لیے خصوصی کمیٹی برائے جینڈر مین سٹریمنگ اور ویمنز پارلیمنٹری کاکس فعال کردار ادا کر رہی ہے۔

قومی اسمبلی میں بچوں کے حقوق کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے پارلیمانی کاکس برائے حقوق اطفال بھی قائم کیا گیا۔چین میریٹ نے سپیکر سردار ایاز صادق کے تمام اراکین کو بلا تفریق ساتھ لے کر چلنے کے طرز عمل کو سراہا اور پاکستان کے لئے خیر سگالی کے جذبات کااظہار کیا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں