سردار ایاز صادق

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے جنوبی وزیرستان وانا کیڈٹ کالج پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے جنوبی وزیرستان وانا کیڈٹ کالج پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے ۔

جمعرات کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنایا، خوارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی جرأت و بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں،قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز پر فخر کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ وہ وطن کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں،پاکستانی عوام اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہیں،

ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی،فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف سکیورٹی فورسز کی دلیرانہ کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں، وطن کی حفاظت کیلئے سکیورٹی فورسز کی قربانیاں تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔