اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بنگلہ دیش کے عام انتخابات میں کامیابی پر بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی)اور اس کے سربراہ طارق رحمان کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
جمعہ کو اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ بی این پی کو بھاری اکثریت سے مینڈیٹ ملنا بنگلہ دیش کے عوام کے اعتماد کا مظہر ہے، بنگلادیش میں پرامن اور شفاف انتخابات جمہوری اقدار کے استحکام کی علامت ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان تاریخی، برادرانہ اور ہمہ جہتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان روابط کے فروغ سے باہمی اعتماد میں اضافہ ہوگا۔
سپیکر قومی اسمبلی نے عوامی اور پارلیمانی سطح پر روابط کے فروغ کے لیے نئی بنگلادیشی حکومت کے ساتھ قریبی تعاون کی خواہش کا اظہار کیااور کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے پاکستان اور بنگلہ دیش کا مشترکہ کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔









