سپریم کورٹ 22

سپریم کورٹ، سپر ٹیکس کیسز کی سماعت جمعرات تک ملتوی

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سپریم کورٹ کے آئینی بنچ نے سپر ٹیکس سے متعلق درخواستوں کی سماعت (کل) جمعرات تک ملتوی کردی ۔سپریم کورٹ کے آئینی بنچ میں بدھ کو سپر ٹیکس سے متعلق مختلف کمپنیوں کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ سماعت جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں پانچ رکنی آئینی بینچ نے کی۔

سماعت کے دوران اسٹاک مارکیٹ کمپنی کے وکیل مرزا محمود احمد نے دلائل دیے اور موقف اختیار کیا کہ ایف بی آر ان سے براہِ راست ٹیکس وصول نہیں کرتا بلکہ نیشنل کلیئرنگ کمپنی کے ذریعے ٹیکس لیا جاتا ہے۔ وکیل نے مؤقف اپنایا کہ ان کمپنیوں کو سپر ٹیکس میں فعال تصور نہیں کرنا چاہیے اور انہیں الگ بلاک میں رکھا جائے۔

وکیل مرزا محمود احمد نے بھارتی عدالتوں کے فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت میں یکساں ٹیکس کے اصول پر عمل کیا جا رہا ہے۔جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیے کہ بھارت میں لوگ سالوں سے اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں.

پاکستانی شہریوں کو بھی بینکوں میں پیسہ رکھنے کے بجائے اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ لگانا چاہیے تاکہ معیشت کو فائدہ ہو۔وکیل مرزا محمود احمد نے کہا کہ ہم جنرل ٹیکس دے رہے ہیں تاہم جب بینکوں سے قرض لے کر سرمایہ کاری کرتے ہیں تو ٹیکس دینے کے بعد نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔بعدازاں عدالت نے سماعت جمعرات تک ملتوی کردی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں