سپریم کورٹ 39

سپریم کورٹ، انسانی سمگلنگ کے کیس میں ملزم کی درخواست ضمانت مسترد

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)سپریم کورٹ آف پاکستان نے غیر قانونی طور پر شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے کے الزام میں گرفتار ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے اسے ٹرائل کورٹ میں مقدمے کا سامنا کرنے کا حکم دے دیا۔

سماعت کے دوران ڈپٹی اٹارنی جنرل شفقت عباسی نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کی اس سے قبل بھی درخواست ضمانت مسترد ہو چکی ہے۔ انہوں نے موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ نے دو ہفتوں میں گواہان کے بیانات قلمبند کرنے کا حکم دیا تھا تاہم عدالت کے حکم کے باوجود ملزم کی جانب سے گواہوں پر جرح نہیں کی گئی۔جسٹس ملک شہزاد نے ریمارکس دیئے کہ ملزم پر 26 لاکھ روپے وصول کرنے کا بھی الزام ہے۔

اس پر ملزم کے وکیل خواجہ شاہد رسول نے موقف اختیار کیا کہ رقم لینے کا کوئی ٹھوس ثبوت موجود نہیں اور نہ ہی کسی قسم کا ٹرانزیکشن ریکارڈ پیش کیا گیا ہے۔جسٹس ملک شہزاد نے استفسار کیا کہ ایسی رقم کیا اکائونٹ کے ذریعے دی جاتی ہے؟ مزید ریمارکس میں انہوں نے کہا کہ متاثرین کی قسمت اچھی تھی کہ کشتی ڈوبنے کے باوجود زندہ واپس آ گئے۔ جسٹس شہزاد نے ملزم کے وکیل سے استفسار کیا کہ ان کا حتمی موقف کیا ہے جس پر وکیل نے کہا کہ ذاتی رنجش کی بنیاد پر ان کے موکل کو مقدمے میں نامزد کیا گیا۔فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ ملزم ٹرائل کورٹ میں مقدمے کی پیروی کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں