سندھ ہائیکورٹ 44

سندھ ہائیکورٹ، شاہ فیصل کالونی میں صاف پانی کی عدم فراہمی سے متعلق درخواست پرمیئر کراچی، واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن و دیگر کو نوٹس جاری

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے شاہ فیصل کالونی میں صاف پانی کی عدم فراہمی سے متعلق چیئرمین یوسی3 گرین ٹائون سمیت تین شہریوں کی درخواست پرمیئر کراچی، واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن و دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 9 فروری تک جواب طلب کرلیاہے۔

جمعرات کو سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے شاہ فیصل کالونی میں صاف پانی کی عدم فراہمی سے متعلق چیئرمین یوسی 3 گرین ٹائون سمیت تین شہریوں کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواستگزار کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ پرانی لائنوں میں ٹوٹ پھوٹ کے باعث سیویج کا گندا پانی لائنوں میں شامل ہورہا ہے۔ شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں میں گندا پانی فراہم کیا جارہا ہے۔ گندے پانی سے علاقے میں ہیٹ کی بیماری اور جلدی امراض پھیل رہے ہیں۔

صاف پانی کی فراہمی اور صحت مند ماحول کی فراہمی شہریوں کا بنیادی حق ہے۔ آئین کے تحت شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے۔ واٹر کارپوریشن اور محکمہ بلدیات کو متعدد بار درخواستیں دینے کے باوجود گندے پانی کی فراہمی کا مسئلہ حل نہیں ہوا ہے۔ سالانہ ترقیاتی منصوبوں کی منظوری کے باوجود بوسیدہ لائنیں تبدیل نہیں کی جارہیں۔

واٹر کارپوریشن کو علاقے کی تمام بوسیدہ لائنوں کو تبدیل کرنے اور صاف پانی کی فراہمی کا حکم دیا جائے۔ منظور کی گئی اسکیموں کو فوری شروع کرنے کا حکم دیا جائے۔ واٹر کارپوریشن حکام سے مختص کیا گیا بجٹ اور غیر استعمال شدہ فنڈ سے متعلق رپورٹ طلب کی جائے۔ عدالت نے میئر کراچی، واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن و دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 9 فروری تک جواب طلب کرلیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں