سندھ ہائیکورٹ 33

سندھ ہائیکورٹ نے ٹی ایل پی پر پابندی کیخلاف درخواست اعتراض لگا کر نمٹا دی

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت کی جانب سے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) پر عائد پابندی کے خلاف دائر درخواست اعتراض لگا کر نمٹا دی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق کالعدم ٹی ایل پی پر پابندی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کے دور ان قائم مقام چیف جسٹس ظفر احمد راجپوت نے درخواست گزار کے وکیل دریافت کیا کہ آپ نے جو درخواست دائر کی، وہ کس سیکشن کے تحت ہے، اور اس میں درخواست گزار کون ہے؟عدالت کو بتایا گیا ہے کہ درخواست گزار ٹی ایل پی کے ممبر ہیں، یہ ایک سیاسی جماعت ہے اور الیکشن کمیشن میں قانون کے تحت رجسٹرڈ ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ اس پابندی کا حل اگر موجود نہ ہوتا تو پھر اس درخواست کی ضرورت ہوتی، جب آپ متعلقہ فورم سے رجوع سمیت تمام طریقے استعمال کر چکے ہوں، اس وقت درخواست قابل سماعت ہوتی ہے، تمام چیزوں کو ملانے کی کوشش کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ فلسطین میں ہونے والے ظلم پر آواز بلند کی گئی تھی، 13 اکتوبر کو ہماری جانب سے احتجاج کیا گیا تھا۔

عدالت نے دریافت کیا کہ ہمیں بتائیں اس سال فلسطین کے لیے اس سے قبل کون سا احتجاج کیا گیا تھا؟ یہ کوئی اسلام کا معاملہ نہیں، ہمیں گمراہ کرنے کی کوشش نہ کریں۔درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ 24 اکتوبر کے نوٹیفکیشن کے خلاف یہ درخواست دائر کی گئی تھی۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ اس حوالے سے درخواست گزار کے پاس متعلقہ فورم موجود ہے، اْسے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں