کراچی (رپورٹنگ آن لائن) سندھ ہائی کورٹ نے لاپتا شہری فرحان شوکت کے گھر واپس آنے پر درخواست نمٹادی ہے ۔سندھ ہائیکورٹ میں لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔
لاپتا افراد کے وکیل اور پولیس حکام عدالت میں پیش ہوئے۔ پولیس نے رپورٹ جمع کرادی۔ لاپتا شہری فرحان شوکت گھر واپس آگیا۔ شہری کی گھر واپسی پر عدالت نے گمشدگی کی درخواست نمٹا دی۔ ہائیکورٹ نے 3 لاپتا شہریوں کی بازیابی کا معاملہ لاپتا افراد کے کمیشن کو ارسال کرنے کی ہدایت کردی۔
عدالت نے لاپتا شہری ظفر اقبال، ملک رضوان کا معاملہ مسنگ پرسنز کمیشن کو بھیجنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے لاپتا شہری طاہر زمان کا معاملہ بھی مسنگ پرسنز کمیشن کو بھیجنے کا حکم دیا ہے۔ پولیس کے مطابق ظفر اقبال، ملک رضوان تھانہ سائٹ کی حدود سے لاپتا ہوئے ہیں۔









