کراچی (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے میرپورخاص محمدی میڈیکل کالج کی طالبہ فہمیدہ لغاری کی مبینہ خودکشی کے واقعے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے سندھ میں بڑھتے ہوئے انصاف کے بحران اور تعلیمی اداروں میں طالبات کے عدم تحفظ کا افسوسناک ثبوت قرار دیا ہے۔
حلیم عادل شیخ نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ آج ایک اور سندھ کی بیٹی فہمیدہ لغاری کا کیس وہ عوام کی عدالت میں لے کر آئے ہیں، کیونکہ ملک میں نہ موثر حکمرانی ہے، نہ انصاف کا نظام فعال ہے اور نہ ہی عدالتیں اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ فہمیدہ لغاری محمدی میڈیکل کالج کی پوزیشن ہولڈر اور ہونہار طالبہ تھی، جسے مبینہ طور پر اسٹاف اور دیگر افراد کی جانب سے ہراسانی اور بلیک میلنگ کا سامنا رہا۔ ان کے مطابق متاثرہ طالبہ نے جب پرنسپل کو شکایت کی تو اس کی شنوائی نہیں کی گئی، بلکہ الٹا طلبہ کو دھمکیاں دی گئیں کہ انہیں فیل کر دیا جائے گا۔
پی ٹی آئی سندھ کے صدر نے کہا کہ شکایات کے باوجود انتظامیہ نے کوئی مثر کارروائی نہیں کی، جس کے باعث بااثر عناصر کو تحفظ ملا اور انصاف فراہم نہ ہو سکا۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں انصاف کا نظام مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے اور بااثر افراد کے سامنے قانون بے بس نظر آتا ہے۔حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے قبل بھی سندھ میں متعدد افسوسناک کیسز سامنے آ چکے ہیں جن میں چانڈکا میڈیکل کالج کی نمرتا کماری اور نوشین کاظمی، سندھ یونیورسٹی کی نائلہ رند اور نوابشاہ کی پروین رند کے کیسز شامل ہیں، تاہم آج تک کسی بھی واقعے میں مکمل انصاف فراہم نہیں کیا گیا۔
انہوں نے آئی بی اے سکھر کی بختاور سومرو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہراسانی کے خلاف آواز بلند کی لیکن انہیں جھوٹے مقدمات اور دبا کا سامنا کرنا پڑا، جس سے ان کی تعلیم بھی متاثر ہوئی۔پی ٹی آئی سندھ کے مطابق فہمیدہ لغاری کے کیس میں ملوث ملزمان تاحال گرفتار نہیں ہو سکے، جبکہ ورثا نے پولیس پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔حلیم عادل شیخ نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث تمام عناصر کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ کسی بھی طالبہ کے ساتھ ایسا ظلم نہ ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں طالبات کے تحفظ کو یقینی بنانا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس میں ناکامی ناقابل قبول ہے۔انہوں نے متاثرہ خاندان سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ذاتی طور پر میرپورخاص جا کر ورثا سے تعزیت کریں گے اور انصاف کی فراہمی تک ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ اگر ماضی کے واقعات میں بروقت اور سخت کارروائی کی جاتی تو آج سندھ کی بیٹیاں اس طرح کے المناک واقعات کا شکار نہ ہوتیں۔









