کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ کے وزیر بلدیات سیدناصر حسین شاہ نے سندھ میں نئے صوبے کے قیام کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی صورت سندھ کی تقسیم نہیں ہونے دیں گے اور پاکستان پیپلز پارٹی نئے صوبے کے قیام کی حمایت نہیں کرے گی۔
خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ جن اسمبلیوں نے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق قراردادیں منظور کی ہیں، وہ اپنے صوبوں میں نئے صوبے بنالیں، تاہم سندھ اسمبلی اس تجویز کو متعدد بار مسترد کرچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی نے ایک سے زائد مرتبہ نئے صوبے کے قیام کی تجویز متفقہ طور پر مسترد کی ہے۔ ان کے مطابق ماضی میں متحدہ قومی موومنٹ کے بعض بڑے رہنما بھی سندھ میں نئے صوبے کے قیام کی مخالفت کرچکے ہیں۔
ناصر حسین شاہ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ سندھ کی تقسیم کسی صورت نہیں ہوگی اور حالات کچھ بھی ہوں، پیپلز پارٹی سندھ میں نئے صوبے کے قیام کی حمایت نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت رہے یا نہ رہے، سندھ کو تقسیم نہیں کیا جاسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر نئے صوبے بنانے سے مسائل حل ہوجاتے اور ترقی کے راستے کھل جاتے تو پھر سندھ کی تقسیم پر اصرار کی ضرورت ہی کیا ہے۔وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ ملک کو درپیش دیگر مسائل پر بھی عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر کسی منصوبے پر اختلاف ہے تو پھر ان منصوبوں پر پیش رفت کیوں نہیں کی جاتی جن پر تمام فریق متفق ہیں۔ناصر حسین شاہ نے واضح کیا کہ سندھ کی وحدت پیپلز پارٹی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے اور پارٹی صوبے کی تقسیم کی کسی تجویز کی حمایت نہیں کرے گی۔








