شہباز گل

سندھ میں صحت، تعلیم کا بجٹ کرپشن کی بھینٹ چڑھ گیا، شہباز گل

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن ) وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ سندھ میں صحت اور تعلیم کا بجٹ کرپشن کی بھینٹ چڑھ گیا۔

شہباز گل نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سندھ سرکار کی سرپرستی میں صحت و تعلیم کا بجٹ کرپشن کی بھینٹ چڑھ گیا کیونکہ پیپلز پارٹی نے دہائیوں سے اندرون سندھ میں تعلیم پر کبھی توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے 52 فیصد بچے اسکول سے باہر ہیں پرچی سرکار ان پر توجہ دیں کیونکہ این جی اوز کے سہارے چھوڑے گئے سندھ کا تعلیمی نظام بربادی کے دہانے پر ہے۔

شہباز گل نے کہا کہ تعلیم کی اہمیت اگر جانتے تو 15 سال سے تعلیم کی 50 اسکیمیں التوا کا شکار نہ ہوتیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے خواب یکساں نصاب کی شروعات پنجاب سے کر دی گئی ہیں اور پنجاب بھر میں یکساں نصاب تعلیم کا نفاذ پرائمری سطح پر کیا جا رہا ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ یکساں تعلیمی نصاب 2 اگست سے تمام پبلک، پرائیویٹ اسکولز اور دینی مدارس میں نافذ العمل ہے۔