اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن ) امریکی بلاگرسنتھیا رچی کیس میں رحمان ملک کی جانب سے معاون وکیل کی التوا کی درخواست منظور کر لی گئی ، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آئندہ تاریخ پرحتمی دلائل ہوں گے اورکیس کا فیصلہ کردیں گے۔ تفصیلات کے مطابق امریکی بلاگرسنتھیا رچی کی رحمان ملک کے خلاف زیادتی کا مقدمہ درج کرانے کی درخواست پرایڈیشنل سیشن جج عطا ربانی نے سماعت کی۔
سماعت کے دوران معاون وکیل رحمان ملک نے کہا کہ ہائی کورٹ کے آرڈرکے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کررکھا ہے، عدالتی کارروائی رکوانے کے لیے ہائی کورٹ سے بھی حکم امتناع کی درخواست کررکھی ہے، دونوں درخواستوں پرعدالتوں کے آرڈرکا انتظارکرلیا جائے۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ہائی کورٹ کی ہدایات کے مطابق کیس کا فیصلہ تین ہفتے میں کرنا ہے، آئندہ تاریخ پرحتمی دلائل ہوں گے اورکیس کا فیصلہ کردیں گے، اگرکسی کورٹ کا سٹے آرڈر ہے تو آئندہ سماعت تک جمع کرائیں۔ رحمان ملک کی جانب سے معاون وکیل کی التوا کی درخواست منظورکرتے ہوئے سماعت 21 ستمبر تک ملتوی کردی۔
دوسری جانب ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدرگیلانی نے سنتھیا رچی کے خلاف زنا کی تہمت پردائرقذف کمپلینٹ پرسماعت کی۔ کیس سے بریت کی درخواست پر دلائل نہ ہوسکے۔
کمپلیننٹ کے وکیل کی جانب سے بریت کی درخواست کی مخالفت میں دلائل کے لیے مہلت کی استدعا منظورکرلی گئی جب کہ رحمان ملک کے وکیل کو آئندہ سماعت پربریت کی درخواست پردلائل کی ہدایت بھی کی گئی۔