سعودی ولی عہد 129

سعودی ولی عہد کاامریکا کے مشیربرائے قومی سلامتی سے یمن جنگ پر تبادلہ خیال

ریاض (رپورٹنگ آن لائن )سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان کے ساتھ یمن میں جاری تنازع کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے اور اس کے خاتمے کے لیے مملکت کے پیش کردہ امن اقدام کا اعادہ کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ولی عہد نے اقوام متحدہ کی نگرانی میں یمن میں جامع جنگ بندی کی اہمیت پرزور دیا ۔انھوں نے کہا کہ اس جامع جنگ بندی کے تحت تیل بردار بحری جہازوں کو یمن کی بحیرہ احمر کے کنارے واقع بندرگاہ الحدیدہ سے گذرنے کی اجازت ہونی چاہیے،دارالحکومت صنعا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پرانسانی امدادی سامان لے کر آنے والی پروازوں کواترنے اجازت دی جائے،اس کے علاوہ وہاں سے بعض مقامات کیلیے تجارتی مسافر پروازیں چلانے کی بھی اجازت ہونی چاہیے۔

شہزادہ محمد اور جیک سلیوان نے یمنی حوثیوں پر زوردیا کہ وہ اقوام متحدہ کی نگرانی میں یمن کی بین الاقوامی سطح پرتسلیم شدہ حکومت کے ساتھ بحران کے سیاسی تصفیے کے لیے نیک نیتی سے مذاکرات کریں۔جیک سلیوان نے امریکا کی جانب سے ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کے میزائل اور ڈرون حملوں سمیت تمام خطرات سے نمٹنے کی غرض سے سعودی عرب کے اپنے تحفظ اور دفاع کے لیے اقدامات کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں