نیویارک (رپورٹنگ آن لائن) امریکہ کی شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور سابق عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز نے کہا ہے کہ وہ آئندہ ماہ کینٹکی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کھیلیں گی۔ ٹورنامنٹ انتظامیہ نے گزشتہ روز اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرینا ولیمز اگست میں کینٹکی میں ایک نئے ڈبلیو ٹی اے ہارڈورکورٹ ٹورنامنٹ میں واپسی کرینگی۔
کینٹکی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 10 اگست سے شروع ہوگا جس میں چھ مرتبہ سال کے چوتھے گرینڈ سلام یو ایس اوپن کی فاتح سرینا ولیمز اور 2017ء میں یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیتنے والی امریکی ٹینس سٹار سلونی سٹیفنز ڈبلیو ٹی اے کھیل دوبارہ شروع ہونے پر میدان میں ایکشن میں نظر آئیں گی، سرینا ولیمز فروری میں ہونے والے فیڈ کپ میں امریکہ کی نمائندگی کے بعد سے نہیں کھیلی ہیں۔
کورونا وائرس کے باعث ڈبلیو ٹی اے ٹور کے ساتھ ساتھ بیشتر عالمی کھیلوں کی سرگرمیاں پوری دنیا میں متاثر ہوئیں ہیں۔ ڈبلیو ٹی اے ٹور اور مردوں کا اے ٹی پی دورہ اگست میں دوبارہ شروع ہونا ہے۔38 سالہ سرینا ولیمز نے پہلے ہی کہا ہے کہ وہ آئندہ ماہ شیڈول گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گی، جس کا آغاز 31 اگست کو نیویارک میں ہوگا۔
کینٹکی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ دو نئے ایونٹس میں سے ایک ہے جس کی تصدیق ڈبلیو ٹی اے کے چیف ایگزیکٹو سٹیو سائمن نے گذشتہ ہفتے کی تھی۔ ڈبلیو ٹی اے ایونٹس کا آغاز 3 اگست سے اٹلی میں شروع ہونے والے پالرمو اوپن ٹینس ٹورنامنٹ سے دوبارہ ہوگا۔
سرینا ولیمز نے رواں سال کے یو ایس اوپن ٹورنامنٹ میں کھیلنے کا عہد گزشتہ ماہ کیا تھا جب یو ایس ٹینس ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ کوروناوائرس کے باعث کھیلوں کی سرگرمیاں بند ہونے کے بعد پہلا گرینڈ سلام محفوظ طور پر انجام دے سکتے ہیں۔
مردوں کے سنگلز مقابلوں کی عالمی درجہ بندی میں سرفہرست رہنے والے کھلاڑیوں نے میگا ایونٹ کے انعقاد کی حکمت عملی پر سوال اٹھائے تھے جس پر یو ایس ٹی اے نے کہا کہ یہ میگا ٹورنامنٹ 31 اگست سے 13 ستمبر کو نیویارک کے نیشنل ٹینس سینٹر میں بغیر تماشائیوں کے منعقد ہوگا، تمام پروٹوکول اور بغیر تماشائیوں کے بند دروازوں کے پیچھے میگا ایونٹ کے انعقاد کا فیصلہ کھیل اور کھلاڑیوں کی صحت کو محفوظ بنانے کے لئے کیا گیا ہے۔