خشک میوہ جات

سردی کی آمد کے ساتھ خشک میوہ جات کی مانگ میں اضافہ

مکو آ نہ (رپورٹنگ آن لائن)سردی کی آمد کے ساتھ خشک میوہ جات کی مانگ میں اضافہ، دکانوں پر رونقیں، موسم میں بڑھتی خنکی کے ساتھ خشک میوہ جات کی طلب میں اضافہ ہو گیا ہے۔

شہر کے بازاروں میں بادام، پستہ، کاجو، اخروٹ، چلغوزے، مونگ پھلی، کشمش کی خوشبوؤں سے فضا مہک اٹھی ہے۔دکانوں، ریڑھیوں پر رنگ برنگے خشک میوہ جات کے ڈھیر شہریوں کی توجہ اپنی جانب کھینچ رہے ہیں۔شام ڈھلتے ہی خشک میوہ جات کی دکانوں پر گاہکوں کا رش بڑھ جاتا ہے، گویا موسمِ سرما کے آغاز نے بازاروں میں نئی زندگی بھر دی ہو۔شہر کے معروف تجارتی مراکز، خصوصاً فیصل آباد کے مختلف علاقے میں خشک میوہ جات کی دکانوں پر خوب گہما گہمی دیکھی جا رہی ہے۔

دکانداروں کے مطابق گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں طلب میں 25 سے 30 فیصد اضافہ ہوا ہے، تاہم قیمتوں میں بھی خاصا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ بادام 2800 سے 3400 روپے فی کلو، پستہ 4000 روپے، کاجو 3600 روپے، جبکہ چلغوزہ 8500 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ماہرینِ خوراک کے مطابق خشک میوہ جات نہ صرف سردیوں میں جسم کو حرارت فراہم کرتے ہیں بلکہ وٹامنز، منرلز اور توانائی کا قدرتی خزانہ ہیں۔