اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کرک میں ایف سی کے قلعے پر دہشتگردوں کے کواڈ کاپٹر ڈرون حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
منگل کو اپنے ایک مذمتی بیان میں انہوں نے حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کو ہسپتال لے جانے والی ایمبولینس پر دہشتگردوں کے دوبارہ حملے کی بھی مذمت کی اور کہا کہ کرک میں ایف سی اہلکاروں پر بزدلانہ حملہ انتہائی قابلِ افسوس ہے، ایمبولینس میں زخمی ایف سی اہلکاروں اور ریسکیو عملے کو نشانہ بنانا انسانیت سوز فعل ہے۔ایمبولینس پر حملہ اور زخمیوں کو زندہ جلا دینا درندگی کی بدترین مثال ہے۔ ایسے درندہ صفت دہشتگرد عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔دہشتگرد انسانیت کے دشمن ہیں انکا کسی مذہب سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے شہید ایف سی اہلکاروں اور ایمبولینس کے عملے کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ قوم اپنے شہداء کی ان قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پوری قوم پاک افواج اور سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے شہداء کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔









