کرائسٹ چرچ (ر پورٹنگ آن لائن) نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے مسجد النور کے احاطے میں سانحہ کرائسٹ چرچ کے شہدا کی یادگار پر تختی کی نقاب کشائی کی ۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے وزیراعظم جو آئندہ ماہ ہونیوالے عام انتخابات کی مہم کیلئے ملک بھر میں دورے کر رہی ہیں نے جمعرات کو کرائسٹ چرچ میں مسجد النور کے احاطے میں سانحہ کراسٹ چرچ کے شہدا کی یاد گار پر تختی کی نقاب کشائی کی ۔ پتھر سے بنی بلیک رنگ کی تختی پر گولڈ کلر میں تحریر کی گئی ہے جس پر دعا مانگتے ہوئے ہاتھوں کی تصاویر کیساتھ قرآنی آیات بھی لکھی گئی ہیں ۔
یاد رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے تختی کی نقاب کشائی کی تقریب دو دفعہ ملتوی ہوئی ۔ مسجد النور کے امام جمال فودا سمیت مسلم ایسوسی ایشن آف کنٹربری کے عہدیداران اور بڑی تعداد میں مسلم کمیونٹی کے افراد نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیراعظم نے نقاب کشائی کے موقع پر یادگار پر پھول رکھے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سانحہ کرائسٹ چرچ میں ہونیوالے نقصان کو کسی بھی طرح پورا نہیں کیا جا سکتا ۔
انہوں نے کہا کہ واقعہ میں زندہ بچ جانیوالوں کو دیکھ کر خوشی ہوتی ہے یہ یادگار ہمیں 15 مارچ کے سانحہ کی یاد دلاتی رہے گی ۔ مسجد النور کے امام جمال فودا نے کہا کہ مسجد پر فائرنگ ہماری زندگی کا سب سے مشکل لمحہ تھا کسی نے سوچا بھی نہیں ہو گا کہ ایسا خوفناک واقعہ نیوزی لینڈ میں بھی ہو گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اظہار خیال اور نفرت انگیز تقریر میں فرق کرنے کیلئے ایک نیا قانون بنایا جائے ۔