برفباری

سانحہ مری، عدالت کا پنجاب ٹوراِزم پالیسی ایکٹ اگلی پیشی پرجمع کرانے کا حکم

راولپنڈی(رپورٹنگ آن لائن ) سانحہ مری کیس میں عدالت کی جانب سے پنجاب ٹوراِزم پالیسی ایکٹ اگلی پیشی پر جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں سانحہ مری سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی۔

کمشنر، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے علاوہ سیکریٹری ٹوراِزم پنجاب عدالت میں پیش ہوئے۔ سانحہ مری سے متعلق درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے جسٹس چودھری عبدالعزیزنے سیکریٹری ٹوراِزم پنجاب سے پوچھا کہ مری میں لینڈ پرچیزنگ اور ٹوراِزم کی کیا پالیسی ہے؟ جسٹس چودھری عبدالعزیز نے ریمارکس دیے کہ سیکریٹری ٹوراِزم صاحب! کوٹلی ستیاں میں خود حالات جا کر دیکھیں۔ کوٹلی ستیاں میں ہر طرف گندگی کے ڈھیر ہیں۔

لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ نے سماعت میں ریمارکس میں کہا کہ سیکریٹری ٹوراِزم صاحب! عوام کو سیاحت سے متعلق آگاہی دیں اور اس میں میڈیا کو شامل کریں۔ عدالت کی جانب سے سیکریٹری ٹوراِزم کو پنجاب ٹوراِزم پالیسی ایکٹ اگلی پیشی پر جمع کرانے کا حکم دیا گیا۔

عدالت نے کمشنر راولپنڈی کو مخاطب کیا اور کہا کہ کمشنر صاحب! مری میں غیر قانونی تعمیرات جاری ہیں۔ 5 سال بعد مری کے حالات اس سے بھی خراب ہوں گے۔ کمشنر راولپنڈی نے مری میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کی تفصیلی رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی۔ لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ نے سماعت 7 فروری تک ملتوی کر دی۔