کراچی (رپورٹنگ آن لائن)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین اور وفاقی وزیرِ تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ڈسٹرکٹ آفس ہ داران کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اور آپ ہی ایم کیو ایم ہیں اور ہم اس عظیم تحریک سے کچھ لینے نہیں بلکہ اسے اپنا سب کچھ دینے آئے ہیں، ہم پر سارا حق ایم کیو ایم کا ہے جبکہ ایم کیو ایم کے لئے ہمارے صرف فرائض ہیں،
اس موقع پر اراکینِ مرکزی کمیٹی رضوان بابر، کیف الوری اور نچارج سندھ تنظیمی کمیٹی سلیم رزاق و اراکین، ڈسٹرکٹ انچارج ظفر احمد صدیقی، حق پرست اراکینِ صوبائی اسمبلی راشد خان ایڈوکیٹ، ناصر حسین قریشی سمیت ٹانز، یوسیز اور مختلف شعبہ جات کے ذمہ داران بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اپنے خطاب میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایم کیو ایم پاکستان وہ واحد جرات مند جماعت ہے جس نے اپنے جائز اور حق پر مبنی مطالبات کے حصول کے لیے کئی بار انتخابات سے بائیکاٹ کرنے کی تاریخ رقم کی اور ایسی جرات کسی دوسری سیاسی جماعت میں نہیں ملتی،
انہوں نے تنظیمی نظم و ضبط پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم کسی کے ڈر سے نہیں بلکہ اپنی مرضی اور نظریے کے تحت اس تحریک کا حصہ بنے ہیں، ایم کیو ایم کے کارکن کا سامنا ایک ایسے ظالمانہ نظام سے ہے جسے ہماری حق گوئی سے خطرہ محسوس ہوتا ہے یہی وجہ ہے کہ ماضی کے برعکس آج تک ہمارے دفاتر بند رکھے گئے ہیں جس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی، انہوں نے مخالفین کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ جرات مند ہمیشہ اپنے برابر کے دشمن سے لڑتا ہے، کمزوروں اور چھوٹے لوگوں کے لیے ہماری خاموشی ہی کافی ہے، ایم کیو ایم نے ہمیشہ ثابت کیا ہے کہ وہ ایک قومی جماعت ہے اور جس طرح 2018 میں چھینا گیا مینڈیٹ ہم نے 2024 میں واپس لیا وہ ہماری عوامی طاقت کا ثبوت ہے، انہوں نے ہدایت کی کہ کارکنوں کے بارے میں فیصلے مرکز سے یوسیز تک رائج تنظیمی طریقہ کار کے مطابق کیے جائیں اور ہمیں اپنی تمام تر طاقت اصل دشمن کے خلاف لڑنے کے لیے جمع رکھنی ہے، تحریک میں آنے کا راستہ ایک جبکہ جانے کے سو دروازے کھلے ہونے چاہئیں۔









