ڈھاکا(رپورٹنگ آن لائن)بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی)کی چیئرپرسن اور سابق وزیرِاعظم بیگم خالدہ ضیا کو ڈھاکا کے اسپتال میں طبی معائنے کے لیے داخل کروا دیا گیا۔
خالدہ ضیا کی میڈیکل ٹیم کے رکن اور ذاتی معالج پروفیسر اے زیڈ ایم زاہد حسین نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ یہ فیصلہ خالدہ ضیا کے علاج کے لیے تشکیل شدہ میڈیکل بورڈ کی سفارش پر کیا گیا ہے۔ذاتی معالج کا کہنا تھا کہ خالدہ ضیا کو میڈیکل بورڈ کے مشورے پر کئی اہم ٹیسٹوں کے لیے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے، ٹیسٹ رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد بورڈ اگلے اقدامات کا فیصلہ کرے گا۔
خیال رہے کہ 79 سالہ سابق بنگلا دیشی وزیرِ اعظم کو اس سے قبل 15 اکتوبر کو معمول کے طبی معائنے کے لیے اسپتال لایا گیا تھا، جہاں ضروری ٹیسٹوں کے بعد اگلے دن انہیں گھر منتقل کر دیا گیا تھا۔بنگلادیشی میڈیا کے مطابق خالدہ ضیا گزشتہ کئی برسوں سے متعدد پیچیدہ بیماریوں کا شکار ہیں، جن میں گٹھیا (آرتھرائٹس)، ذیابیطس، گردوں کے مسائل، پھیپھڑوں کی تکالیف اور آنکھوں کے امراض شامل ہیں۔









