شرجیل میمن 153

سابق وزیراعظم پوری دنیا میں پاکستان کا نام بدنام کر رہا ہے، شرجیل میمن

کراچی (رپورٹنگ آن لائن ) صوبائی وزیر شر جیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم پاکستان کا نام پوری دنیا میں بدنام کررہا ہے، انہوں نے آئین وقانون کی دھجیاں اڑائیں۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ کرکٹر کے نام سے جاننے والے کو اب گھڑی چور کے نام سے جانا جاتا ہے، وہ ووٹ بینک بڑھانے کیلئے مذہب کارڈ کا استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ کے قوانین بھی اس شخص نے توڑے ہیں اور ہر چیز پر اسکا یو ٹرن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھلے عام ایک شخص اداروں کو غیر آئینی کام کرنے کا کہہ رہا ہے ، پہلے بھی اس نے آئین کی دھجیاں اڑائیں ہیں، چیف جسٹس سے اپیل ہے کہ اسکی غیر آئینی بات کا فی الفور نوٹس لیا جائے ۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ، سیلاب متاثرین کے نیریٹو کو اسنے شدید دھچکہ لگایا ہے اور جو دنیا پاکستان آرہی تھی اسنے انکا رخ بدل دیا۔ انہوں نے چئیرمین نیب سے اپیل کی ہے کہ جو فنڈ پی ٹی آئی نے جمع کئیے اس کو چیک کیا جائے ۔ دوسری جانب شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ سندھ حکومت کسانوں کو ریلیف پیکج دے رہی ہے جس کے تحت کسانوں کو فی ایکڑ 5 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سیلاب متاثرین کی مدد کر رہی ہیں اور دیگر تمام ادارے بھی اپنا کام کر رہے ہیں لیکن اس دوران سیلاب متاثرین کے لئے پی ٹی آئی نے کتنی امداد دی اور کتنا کام کیا وہ سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جہاں جہاں لوگ سیلاب کی زد میں آئے ہیں وہاں سروے آج سے شروع ہوگیا ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں