کراچی (رپورٹنگ آن لائن)سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن کیخلاف شراب برآمدگی کیس میں اہم پیشرفت، مقامی عدالت نے مدعی اور لیباریٹری ایکسپرٹ کے بیان قلمبند کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر مزید گواہوں کو طلب کرلیا۔ کراچی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کے روبرو سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن کیخلاف شراب برآمدگی کیس کی سماعت ہوئی۔ شرجیل انعام میمن سمیت گواہ و دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔
سرکار کی جانب سے پروسیکیوٹر عبدالرحمن نے کیس کی پیروی کی۔ کیس میں گواہ سابق ڈائریکٹر کیمیکل ایگزمینیر اور مدعی نے اپنا بیان ریکارڈ کرادیا۔ سابق ڈائریکٹر کیمیکل ایگزمینیر نے بیان میں کہا کہ ہمیں معائنے کیلئے دو بوتلیں دی گئی تھیں۔ ایک بوتل میں اولیو آئل تھا جبکہ دوسری میں شہد تھی۔
اسسٹنٹ جیل سپرنٹینڈنٹ مدعی مقدمہ نے بیان میں کہا کہ ہم نے کارروائی کے دوران دو بوتلیں تحویل میں لیں۔ بوتلوں کے چیک اپ کیلئے لیبارٹری بھیج دیے تھے۔ پروسیکیوٹر عبد الرحمن تھہیم کی جانب سے مدعی مقدمہ کو تیاری کروانے کے باوجود تسلی بخش بیان نہ دے سکا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر دیگر گواہوں کو طلب کرتے ہوئے سماعت 17 اگست تک ملتوی کردی۔