ریمی سین 33

سابق بالی ووڈ اداکارہ ریمی سین کی دبئی کی ریئل اسٹیٹ میں کامیابیاں

ممبئی(رپورٹنگ آن لائن)بالی ووڈ کی سابق اداکارہ ریمی سین ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئیں،اس بار وجہ فلمی سرگرمیاں نہیں بلکہ دبئی کے ریئل اسٹیٹ کے شعبے میں ان کی نمایاں کامیابی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 44سالہ ریمی سین فلم ہنگامہ، دھوم، گول مال، پھر ہیرا پھیری اور جونی غدار جیسی مقبول فلموں میں کام کر چکی ہیں، اب انہوں نے بالی ووڈ سے اپنی دوری کے بارے میں بات کی ہے۔کافی عرصے سلور اسکرین پر شہرت حاصل کرنے کے بعد ریمی کا ہندی فلموں کے ساتھ رشتہ آہستہ آہستہ ٹوٹ گیا، جس کے بعد واپسی کا انتظار کرنے کے بجائے انہوں نے آگے بڑھنے اور بالی ووڈ سے باہر اپنی قسمت خود بنانے کا فیصلہ کیا، جس کے نتیجے میں وہ دبئی جا پہنچیں اور وہاں انہوں نے پراپرٹی کے کاروبار میں خاصی کامیابی حاصل کی ہے۔

انہوں نے بات چیت کے دوران دبئی کو اپنے لیے ایک خوش آمدید کہنے والا شہر قرار دیا اور کہا کہ دبئی کی تقریباً 95فیصد آبادی غیر ملکی باشندوں پر مشتمل ہے۔کولکتہ سے تعلق رکھنے والی ریمی نے کہا کہ یہ شہر ہر پس منظر سے تعلق رکھنے والے افراد کو مواقع فراہم کرتا ہے۔انہوں نے دبئی کا تقابل بھارت سے کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں بزنس کرنا کافی مشکل ہوتا ہے، جہاں پالیسیاں مسلسل تبدیل، بہت زیادہ ٹیکس اور پیچیدہ قواعد ہوتے ہیں، اس کے بر خلاف دبئی میں سب کلیئر ہے اور غیر یقینی صورت حال نہیں۔

پراپرٹی انڈسٹری کے بارے میں بات کرتے ہوئے ریمی نے کہا کہ پراپرٹی انڈسٹری اس لیے صحیح طریقے سے کام کر رہی ہے کیونکہ اس میں نظم و ضبط اور قوانین موجود ہیں، دبئی میں پراپرٹی مارکیٹ بڑھ رہی ہے اور اس میں سرمایہ کاری کرنا فکسڈ ڈیپازٹس کے مقابلے میں زیادہ بہتر ہے۔انہوں نے بالی ووڈ کے بارے میں کہا کہ وہاں خواتین ایکٹرز کی زندگی مختصر اور مرد سپر اسٹارز سالوں راج کرتے ہیں، آج بھی سلمان، شاہ رخ خان وہاں پر راج کر رہے ہیں، یہ سب دیکھنے کے بعد میں نے بہتر آمدنی کے لیے آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں