سین ولیمز 35

زمبابوے کے سینئر بلے باز سین ولیمز منشیات کے اعتراف کے بعد ٹیم سے باہر

ہرارے (رپورٹنگ آن لائن)تجربہ کار زمبابوین بلے باز سین ولیمز کی بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کے امکانات تقریباً ختم ہو گئے ہیں کیونکہ زمبابوے کرکٹ نے اعلان کیا ہے کہ وہ قومی ٹیم کے لیے مزید زیرِ غور نہیں ہوں گے اور ان کا سینٹرل کنٹریکٹ 2025 کے بعد تجدید نہیں کیا جائے گا۔

زمبابوے کرکٹ کے مطابق یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب 39 سالہ سین ولیمز نے خود بورڈ کو آگاہ کیا کہ وہ منشیات کے استعمال کے مسئلے میں مبتلا ہیں اور اس حوالے سے رضاکارانہ طور پر بحالی مرکز میں داخل ہو گئے ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ سین ولیمز کے ماضی میں ڈسپلن سے متعلقہ معاملات اور بار بار ٹیم سے غیر دستیابی نے ہماری تیاریوں اور کارکردگی پر منفی اثر ڈالا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق بورڈ نے وضاحت دی کہ اگرچہ ہم ان کی بحالی کے فیصلے کو سراہتے ہیں، ٹیم سے اچانک علیحدگی اور ممکنہ ڈوپنگ ٹیسٹ سے بچنے کے خدشات نے پیشہ ورانہ معیارات کے حوالے سے سنجیدہ سوالات اٹھا دیے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ ہم سین ولیمز کی زمبابوے کرکٹ کیلئے دو دہائیوں پر محیط شاندار خدمات کا اعتراف کرتے ہیں،وہ ٹیم کے کئی یادگار لمحات کا حصہ رہے اور ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوںنے کہاکہ ہم ان کی صحت یابی اور مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔سین ولیمز نے 2005 میں انٹرنیشنل ڈیبیو کیا اور دو دہائیوں پر محیط کیریئر میں 273 بین الاقوامی میچوں میں 8000 سے زائد رنز بنائے، ایک روزہ میچوں میں وہ سب سے زیادہ نمایاں رہے، جہاں انہوں نے 5217 رنز 37.53 کی اوسط سے بنائے، جن میں آٹھ سنچریاں اور 37 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں