فیصل آباد/تاندلیانوالہ(رپورٹنگ آن لائن )سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ کسان کیلئے آواز اٹھانا اپنا فرض سمجھتے ہیں ، زراعت ترقی کرے گی تو معیشت کا پہیہ چلے گا .
سیلا ب کے دنوں میں وعدہ کیا تھاکہ کسانوں کے نقصانات کے ازالے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے ، ہمیں خوشی ہے کہ موثر آواز بلند کرنے کی وجہ سے پنجاب حکومت نے کسانوں تک براہ راست امداد پہنچانے کا اعلان کیا ہے جبکہ وفاقی حکومت بھی اپنا حصہ ڈال رہی ہے ،مرید والا انٹر چینچ منصوبے کیلئے اپنا پورا زور لگا رہے ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 97کے طویل دورہ کے دوران مختلف برادریوںکے عمائدین اور اہل علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان حلقے میں انتقال کر جانے والوں کی رہائشگاہوں پر بھی گئے اور اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔
سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا کہ ہماری ذاتی جدوجہد سے عوام کے مسائل حل ہو رہے ہیں ، دعا کرتے ہیں اللہ تعالیٰ ہمیں حلقے میں بڑے کام کرنے کی توفیق دے ، عوام سے رابطے اور ان کے مسائل کے حل کیلئے حلقے میں تین سیاسی دفاتر قائم ہیں جہاں بغیر کسی روک ٹوک کے ہر کوئی آ سکتا ہے ۔
اس حلقے کی روایت رہی ہے کہ یہاں عام ووٹروں کوتنگ کیا جاتا ہے کہ آپ نے ہمارے مخالف کا ساتھ کیوں دیا لیکن ہم نے اس طرز کی سیاست کی ہے نہ کریں گے ، بلکہ ہم نے سیاست میں خدمت کو معیار کے طو رپر متعارف کرایا ہے ۔
میرا وعدہ ہے کہ میں اپنی باقی ماندہ سیاست اس حلقے میں کروں گا اور اس کی ابتری کو خوشحالی میں بدلوں گا جس کیلئے دن رات کوششیں جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست کا مقصد دہائیوں سے محرومی کا شکار عوام کی زندگیوں میں بہتری لانا ہے اور اس کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔