عظمی بخاری 29

ریڈیو پاکستان پر حملے میں پی ٹی آئی کے لوگ براہ راست ملوث نکلے، عظمیٰ بخاری

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ریڈیو پاکستان پر حملے میں پی ٹی آئی کے لوگ براہ راست ملوث نکلے، 9 مئی کو پشاور ہنگاموں میں بھی تحریک انصاف ملوث تھی۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ہر نیا سال پاکستان کیلئے نئی خوشخبریاں لا رہا ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز کے اقدامات کو انٹرنیشنل سطح پر سراہا جا رہا ہے، اوورسیز کی جانب سے ریکارڈ ترسیلات زر آئیں، مسلم لیگ ن کے دور میں تمام اچھے کام ہوتے ہوئے نظر آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک فساد گروپ بھی وجود میں لایا گیا، جس کی ہمیشہ سے ملک میں انارکی پھیلانے کی کوشش رہتی ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے سندھ کا دورہ کیا، کل سہیل آفریدی کے کارکنوں کی جانب سے میڈیا کی گاڑیوں پر پتھراؤ کیا گیا، یہ دہشتگردی اورفساد سے نہیں ہٹ سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی واقعات کی ایک فرانزک رپورٹ سامنے آئی، پشاور ریڈیو پاکستان پر حملے میں پی ٹی آئی کے لوگ براہ راست ملوث تھی، پی ٹی آئی اب کہہ رہی ہے کہ فرانزک رپورٹ لاہور میں تیار ہوئی، ہمیشہ کی طرح جرم نہ ماننا پی ٹی آئی کی عادت ہے، یہ شرمندگی اورڈھٹائی کے آخری لیول پر کھڑے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ان کے اپنے لوگوں نے فیس بک اکاؤنٹس پر خود پوسٹیں اپ لوڈ کیں، سہیل آفریدی نے بھی اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر ویڈیوز شیئر کیں، پی ٹی آئی کے لوگ آج تک کہتے ہیں 9 مئی فالز فلیگ تھا، ان کے 9 مئی کے آڈیوز پیغامات موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یقین ہے آج سہیل آفریدی نے مزار قائد پر جا کر قائداعظم سے ضرور معافی مانگی ہوگی، انہوں نے مزار قائد پر شرمندگی کا تھوڑا سا اظہار تو کیا ہی ہوگا، لیکن شاید ایسا نہیں، ان کا لیڈر بھی خواتین سے بدتمیزی اور بے حرمتی کرتا رہا، مجھے ان سے اختلاقیات کی توقع نہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ جو لوگ سیاست کو بدنام کر رہے ہیں، ان کی ساری سیاست لوگوں کو فساد پر اکسانے کے اردگرد گھومتی ہے، پی ٹی آئی کوکل سندھ حکومت نے جلسے کیلئے گراؤنڈ دیا، پی ٹی آئی نے سندھ کی آفر کو ٹھکرا کرکہا سڑک پر جلسہ کرنا ہے، انہوں نے 8 فروری کو دوبارہ فساد کا پروگرام بنایا ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی نے جو تمہاراپاکستان ،تمہارا آئین والی بات کی یہ بہت تشویشناک ہے، کسی کو قانون کو اپنے گھر کی باندی بنانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، کوئی ہیرو بننے کیلئے حفاظتی حصار کو توڑے گا تو اس کے ساتھ کیا سلوک ہوگا؟

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ علامہ راجہ ناصر عباس کو بانی پی ٹی آئی کی بہت تکلیف ہوتی ہے، جب پاک شخصیات کو عجیب قسم کے کرداروں کے ساتھ ملایا جائے تو علامہ صاحب کو کچھ نہیں بوتا، خیبرپختونخوا میں صحت اور تعلیم کی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں، علامہ راجہ ناصر عباس کی نظر کبھی خیبرپختونخوا کے حالات پر نہیں گئی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں ملک میں کوئی بھی منصوبہ شروع نہیں ہوا، تمام اچھے کام مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں نظر آتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں