روشن ڈیجیٹل اکاﺅنٹ

روشن ڈیجیٹل اکاﺅنٹ سے 12 جولائی تک پاکستان کو کل 1.7ارب ڈالر زرمبادلہ موصول ،حکومت

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) سینیٹ کو حکومت نے آگاہ کیا ہے کہ روشن ڈیجیٹل اکاﺅنٹ کے ذریعے 12 جولائی2021تک پاکستان کو کل 1.7ارب ڈالر زرمبادلہ موصول ہوا،27.31ملین ورکرز(پاکستان کی کل ملازمت پیشہ آبادی کا 49 فیصد )وباء سے بری طرح متاثر ہوا ہے ،37فیصد ورکرز کی ملازمت چلی گئی یا کام نہیں ڈھونڈ سکے جبکہ 12فیصد ورکرز کی آمدن میں کمی ہوئی ہے، سی پیک کے 9خصوصی اقتصادی زونمیں سے 4اقتصادی زون پر کافی پیش رفت ہو چکی ہے ، رشکئی خصوصی اقتصادی زون کو گیس کی فراہمی دسمبر 2021 تک مکمل ہو جائے گی۔جمعہ کو سینیٹ کا اجلاس چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی صدارت میں ہوا، وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر مشتاق احمد کے سوال کے تحریری جواب میں وزارت منصوبہ بندی و ترقی نے ایوان کو بتایا کہ پاکستان ادارہ برائے شماریات نے لوگوں کی بہبود پر کووڈ 19 کا سماجی اقتصادی اثرات کے تعین کے لیئے خصوصی سرو ے کیا ،سروے سے پتہ چلتا ہے کہ 27.31ملین ورکرز (پاکستان کی کل ملازمت پیشہ آبادی کا 49 فیصد)وبا ءسے بری طرح متاثر ہوا ہے ،37 فیصد ورکرز کی ملازمت چلی گئی یا کام نہیں ڈھونڈ سکے جبکہ 12فیصد ورکرز کی آمدن میں کمی ہوئی ہے، خیبر پختونخوا سب سے زیادہ متاثر صوبہ ہے ،

جہاں پر 55فیصد ملازمت پیشہ آبادی کی ملازمت چلی گئی یا ان کی آمدن میں کمی ہو گئی ،سینیٹر نزہت صادق کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ ہم مکمل لاک ڈاﺅن کی طرف نہیں گئے ، کویڈ کے دوران مزدوروں کو ریلیف دیا، فیصل آباد میں پچاس ہزار پاور لومز دوبارہ شروع ہوئے ہیں، سینیٹر بہرہ مند تنگی کے سوال کے تحریری جواب میں وزارت منصوبہ بندی و ترقی نے ایوان کو بتایا کہ سی پیک کے 9خصوصی اقتصادی زون میں سے 4اقتصادی زون پر کافی پیش رفت ہو چکی ہے ، رشکئی خصوصی اقتصادی زون کو گیس کی فراہمی دسمبر 2021 تک مکمل ہو جائے گی، وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ رشکئی خصوصی اقتصادی زون وادی پشاور کے لیئے گیم چینجر ہے،سینیٹر ولید اقبال کے سوال کے تحریری جواب میں وزارت خزانہ نے ایوان کو بتایا کہ روشن ڈیجیٹل اکاﺅنٹ کے ذریعے 12 جولائی 2021تک پاکستان کو کل 1.7رب ڈالر زرمبادلہ موصول ہوا، سینیٹر محسن عزیز کے سوال کے تحریری جواب میں وزارت خزانہ نے ایوان کو بتایا کہ اس وقت پالیمر بینک نوٹس متعارف کرانے کی کوئی تجویز وفاقی حکومت کے زیر غور نہیں ہے