لاہور (رپورٹنگ آن لائن) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے بعد پہلی دفعہ نیا شہر بن رہا ہے، کسی کو غلط فہمی ہے یہ ہاوسنگ سوسائٹی بن رہی ہے، راوی اربن سوسائٹی نہیں نیا شہر بن رہا ہے، ہم نے صحیح معنوں میں لاہورہائیکورٹ کے سامنے کیس پیش نہیں کیا، سپریم کورٹ میں راوی پراجیکٹ سے متعلق اپیل دائرکرینگے۔ لاہور آمد پر دریائے راوی کے کنارے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ماحولیاتی تبدیلی پر بات کی، بہتر ماحول کیلئے اب ہم 10ارب کے درخت لگا رہے ہیں، راوی کو ہر قیمت پر بچایا جائے گا اور اس پر بیراج بنائے جائیں گے، راوی میں جانے والا سیوریج کا پانی ٹریمنٹ ہو کے صاف کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور پھیلتا گیا جس کے باعث پانی کی قلت اور گندگی کا سامنا ہے، راوی کا کنارہ سکڑتا جا رہا ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ میں راوی منصوبے سے متعلق اپیل کرینگے، میرے خیال میں ہم نے اپنا کیس لاہور بینچ کے سامنے پیش نہیں کیا، سپریم کورٹ میں راوی منصوبے سے متعلق اپیل کرینگے، عدالت عظمی کے سامنے اپنا کیس رکھیں گے۔ انہوں نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو غلط فہمی ہے کہ یہ ہاسنگ سوسائٹی بن رہی ہے، یہ ہاسنگ سوسائٹی نہیں نیا شہر بن رہا ہے، اس سے بیرونی سرمایہ کار یہاں آئیں گے اور اس سے 30 سے 40 انڈسٹریز چلیں گی۔ اب ہم ملک میں 10 ارب درخت لگا رہے ہیں، یہ 20 ارب ڈالر کا پراجیکٹ ہے، اس سے پہلے کبھی نہیں بنا۔ وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہماری آبادی مسلسل بڑھ رہی ہے اور موجودہ شہروں میں آبادی بڑھتی جائے گی تو اس سے مسائل مزید بڑھیں گے۔ سندھ کے جزائر پر بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کراچی کیلئے بھی ہماری کوشش تھی کہ بنڈل آئی لینڈ پر نیا شہر بن جائے، تاہم بدقسمتی سے سندھ حکومت نے کچھ رکاوٹیں ڈال دیں
