راولپنڈی (رپورٹنگ آن لائن)ترجمان وزیر اعلی پنجاب فیاض الحسن چوہان نے دھرنا ختم کرنے تاہم کیمپ جاری رکھنے کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ آنے والے لانگ مارچ کا استقبال کریں گے، رانا ثنا اللہ فوج اور پی ٹی آئی میں اختلافات پیدا کرنا چاہتے ہیں جس کی شدید مذمت کرتے ہیں، جمعرات کو شمس آباد راولپنڈی میں پاکستان تحریک انصاف کے احتجاجی کیمپ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان وزیر اعلی پنجاب فیاض الحسن چوہان نے مری روڈ کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ 4 روز سے دھرنا مری روڈ بلاک کر کے جاری تھا جو کہ عمران خان پر قاتلانہ حملے کی ایف آئی آر درج نہ ہونے کے خلاف تھا، پارٹی قیادت کے حکم پر اب مری روڈ کھول رہے ہیں تاہم کیمپ جاری رہے گا اور لانگ مارچ کا استقبال کرے گا ،
قبل ازیں میڈیا سے ہی گفتگو میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ وزیر داخلہ راناثنا اللہ اور حکومت ڈرٹی گیم کھیل رہے ہیں، وہ کیسے صدر کے بغیر گورنر راج لگا سکتے ہیں، وزیر داخلہ نے فوج اور پی ٹی آئی میں اختلافات پیدا کرنے کی بھونڈی کو شش کی ، فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ عمران خان نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کو اگلے آرمی چیف کی تعیناتی سے کوئی سروکار نہیں بلکہ اس کا مسئلہ تو ملک کا مستقبل ہے ،فوج کے ایک جوان سے افسر تک سب سروں کے تاج ہیں، انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کا شمس آباد میں استقبال کریں گے، لانگ مارچ شروع ہو گا تو قیادت کا حکم بجا لائیں گے۔