ندا یاسر 37

رائیڈرز کو ٹپ دینا فرض نہیں، مگر انہیں ذلیل کرنا جرم ہے،فضاعلی کاندایاسرکے بیان پر ردعمل

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)معروف اداکارہ و میزبان فضا علی نے فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز کے حوالے سے ندا یاسر کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ رائیڈرز کو ٹپ دینا فرض نہیں، مگر انہیں ذلیل کرنا جرم ہے۔

گزشتہ دنوں ندا یاسر نے اپنے پروگرام میں کہا تھا کہ فوڈ ڈیلیوری بوائز اکثر کھلے پیسے نہ لانے کے بہانے بنا کر جھوٹ بولتے ہیں، جس پر انہیں ٹپ دینے کا دل نہیں کرتا۔ ان کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر شدید ردِعمل سامنے آیاہے۔اسی معاملے پر فضا علی نے انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ ہر کام عزت والا ہوتا ہے اور رائیڈرز بھی عزت کے مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈیلیوری بوائز کے بھی اہل خانہ ہوتے ہیں جو ان کے لوٹنے کے منتظر ہوتے ہیں، اور یہ کام ہی ان کی روزی روٹی کا ذریعہ ہے۔فضا علی نے کہاکہ کسی محنت مزدوری کرنے والے شخص کو حقیر سمجھنا یا ذلیل کرنا انتہائی غلط ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ ٹپ دینا لازم نہیں لیکن رائیڈرز کی بے عزتی کرنا یقینا جرم ہے۔انہوں نے سب کو پیغام دیا کہ رائیڈرز کے ساتھ عزت اور انسانیت کا برتا کیا جائے، کیوں کہ کسی کو نیچا دکھانا انسانیت کے خلاف ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں