کراچی (رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ نے ر ہائشی پلاٹ کو کمرشل استعمال کے لیے تبدیل نہ کرنے کیخلاف درخواست پر سینئر ڈائریکٹر ماسٹر پلان اتھارٹی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ کے روبرو رہائشی پلاٹ کو کمرشل استعمال کے لیے تبدیل نہ کرنے کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواستگزار کے وکیل بیرسٹر علی طاہر نے موقف دیا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد بھی درجنوں پلاٹس کو کمرشل کیا گیاہے۔ ناظم آباد کے علاقے میں رہائشی پلاٹ کو کمرشل کرنے کی درخواست دائر کی۔ درخواست کے باوجود پلاٹ کی حیثیت میں تبدیلی نہیں کی جارہی۔
سرکاری وکیل نے موقف دیا کہ سپریم کورٹ نے رہائشی پلاٹس کو تبدیل کرکے کمرشل استعمال کیخلاف 2019 میں فیصلہ دیا تھا۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد کسی رہائشی پلاٹ کو کمرشل نہیں کیا گیا۔ عدالت نے سینئر ڈائریکٹر ماسٹر پلان اتھارٹی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔ عدالت نے رہائشی پلاٹس کی حیثیت کی تبدیلی کی رپورٹ 19 جنوری کو طلب کرلی۔







