لاہور(زاہدانجم سے)ورلڈ مینٹل ہیلتھ ڈے 2023کے موقع پر لاہور جنرل ہسپتال کے شعبہ نفسیات کے زیر اہتمام آگاہی لیکچرز سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ دنیا میں ہر آٹھ میں سے ایک شخص ذہنی بیماری کا شکار ہے،ڈاکٹروں کے ساتھ ساتھ معاشرے کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ ذہنی امراض میں مبتلا افراد کی دیکھ بھال اور بحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے بتایا کہ بد قسمتی سے کورونا جیسے مسائل سے ڈپریشن کے مریضوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور 2019کی عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق 970ملین سے زائد افراد دماغی امراض کا شکار ہو چکے ہیں اوردیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی اس کی شرح بڑھی۔ پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ شیزو فرینیا،بائی پولر ڈس آرڈر، سٹریس اور ذہنی امراض کی دیگر شکلیں بھی سامنے آ چکی ہیں جبکہ اس بیماری کی نمایاں علامات میں مسلسل اداسی، افسردگی، نا امیدی، چڑ چڑاپن، اور نیند کی کمی یا زیادتی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی دن کو منانے کا مقصد اس بیماری کے حوالے سے زیادہ سے زیادہ شعور بیدار کرنا ہے تاکہ مریضوں کی تعداد میں کمی لانے کے ساتھ ساتھ دماغی امراض کے علاج سے متعلق بھی عام آدمی کی معلومات میں اضافہ ہو سکے۔
اس موقع پر شعبہ ہیڈ آف دی ڈیپارٹمنٹ سائیکاٹری ڈاکٹرفائزہ اطہر، ایم ایس ڈاکٹر ندرت سہیل،ڈاکٹر الطاف قادر، ڈاکٹر اسامہ سمیت سینئر پروفیسرز،نرسز اور ملازمین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ورلڈ مینٹل ہیلتھ ڈے 2023کا تھیم “Mental Health Is A Universal Human Right” رکھا گیا ہے اور اسی پر فوکس کرتے ہوئے لاہور جنرل ہسپتال کے شعبہ سائیکیٹری نے بھی لیکچرز کا اہتمام کیا۔
اپنی گفتگو میں شعبہ سائیکیٹری کی سربراہ ڈاکٹر فائزہ اطہر نے بتایا کہ دماغی صحت کے لئے مناسب غذائیں، جسمانی ورزش، بھرپور نیند اور صحت مند ماحول ضروری ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ اسلامی تعلیمات کے مطابق زندگی گزار کر اور فطرت کے قریب رہتے ہوئے ہم زیادہ اچھی دماغی صحت یقینی بنا سکتے ہیں۔ڈاکٹر فائزہ اطہر نے حکومت کی توجہ اس امر کی طرف مبذول کروائی کہ ہرہسپتال میں شعبہ نفسیات اور ڈاکٹرز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ مریضوں کو مقامی سطح پر ہی بر وقت کونسلنگ مہیا کی جا سکے۔
ایم ایس ڈاکٹر ندرت سہیل نے اپنے لیکچر میں کہا کہ ہمیں ایسے مریضوں کو اکیلا چھوڑنے کی بجائے اُن کا بھرپور ساتھ دینا چاہیے،دیگر بیماریوں کی طرح یہ بیماری بھی قابل علاج ہے اور ڈاکٹرز اس ضمن میں اپنا موثر کردار ادا کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر ندرت سہیل نے نشاندہی کی کہ لاہو رجنرل ہسپتال میں دماغی امراض کے لئے سٹیٹ آف دی آرٹ سہولتیں مہیا کی جا رہی ہیں اور پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر کی قیادت میں اس ضمن میں مزید بہتری لائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر کی قیادت میں ذہنی صحت اور اس سے متعلق امور پر مشتمل مریضوں میں آگاہی پمفلٹس تقسیم کیے گئے ۔
٭٭٭