لاہور( رپورٹنگ آن لائن)اسٹیٹ بینک نے مہنگائی کے ہدف اور پیشگوئی کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیگر ملکوں کی مہنگائی کے اہداف سے موازنہ درست نہیں،مہنگائی کاہدف حکومت مقررکرتی ہے جو 5 سے7 فیصد ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے مہنگائی کے ہدف اور پیشگوئی کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذرائع ابلاغ کے بعض حصوں میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی مالی سال 22 میں اوسط مہنگائی کی پیشگوئی 7-9 فیصد کو مہنگائی کے ہدف کے طور پر لیا جارہا ہے اور اس کا دیگر ملکوں کے مہنگائی کے اہداف سے موازنہ کیا جارہا ہے جو یہ درست نہیں۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک کی مہنگائی کی پیشگوئی ہمارے رواں مالی سال کے تخمینوں کو ظاہر کرتی ہے، دوسری جانب پاکستان کا مہنگائی کا ہدف حکومت مقرر کرتی ہے اور وہ 5-7 فیصد ہے،یہ ہدف وسط مدت میں حاصل کرنا ہے۔زری پالیسی وسط مدت یعنی اگلے 18-24 مہینوں کے دودران حکومت کے مہنگائی کے ہدف کے حصول سے منسلک ہوتی ہے۔