اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہاہے کہ دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف عوام کا سڑکوں پر نکل آنا بہت حوصلہ افزا ہے، پاکستان میں امن کا دارومدار افغانستان میں امن میں ہے،ہم بالکل بھی افغانستان کی صورتحال میں مداخلت نہیں چاہتے،ہماری مسلح افواج ہر طرح کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں،سیکیورٹی فورسز میں قیادت کی تبدیلی ایک حرمت رکھتی ہے،ہمیں اس حرمت کو برقرار رکھنا ہے،یہ قیاس آرائیوں سے مبرا ہونا چاہیے۔
وزیر دفاع خواجہ نے آصف عرب نیوز کی دوسری سالانہ کانفرنس میں مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میڈیا کی قومی سلامتی میں بہت زیادہ اہم ہے،میڈیا قومی سلامتی کا سب سے اہم پہلو ہے۔ انہوںنے کہاکہ سعودی عرب پرنس محمد بن سلمان کی قیادت میں بہت بنیادی تبدیلیوں سے گزرا ہے،سعودیہ نے روایتی یا بنیادی گورننس سے نئے جدید تقاضوں کی طرف پیراڈیم شفٹ کی ہے،یہ تبدیلی اور میڈیا ساتھ ساتھ آگے بڑھے ہیں۔انہوںنے کہاکہ آج دنیا تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے، روایتی میڈیا سے الیکٹرانک میڈیا اور اب سوشل میڈیا اہمیت اختیار کرگئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ معاشرے میں روبسٹ اکنامک تبدیلی آئی ہے،آج کے دور کی کوئی جنگ بھی میڈیا کے بغیر نہیں لڑی گئی،میڈیا نے ہی متحارب گروپوں کا سیاسی اور سٹریٹجک موقف آگے بڑھایا،پاکستان میں گزشتہ دہائی میں جو ہوا، میڈیا بہت زیادہ ترقی کرگیا۔
خواجہ آصف نے کہاکہ سیاستدان میڈیا خاص طور پر سوشل میڈیا کا استعمال اور ساتھ ساتھ غلط استعمال کررہے ہیں،سوشل میڈیا سیاست، معیشت جنگ اسٹیبلشمنٹ سب میں کردار ادا کررہا ہے،موجودہ چیلنجز سے نمٹنے میں میڈیا کا کردار اہم ہے۔ انہوںنے کہاکہ دنیا بھر میں سیاستدانوں کا میڈیا پر انحصار اور کوئی بھی کاز میڈیا کے بغیر نامکمل ہے،میڈیا اسٹریٹیجیز کی بہت زیادہ اہمیت ہوگئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہمارے خطے میں دہشت گردی کا مسلہ اب کئی دہائیوں سے ہے۔ وزیر دفاع نے کہاکہ انتہاء پسندوں نے بھی میڈیا کا بہت استعمال کیا،یہ سب آپ پر منحصر ہے کہ آپ میڈیا کیسے استعمال کرتے ہیں؟۔ وزیر دفاع نے کہاکہ سوات میں کسی آپریشن کے آغاز کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا،ابھی ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا تاہم کے پی کے میں سوات اور شمالی علاقہ جات میں دوہزار نو دوہزار دس کے حالات واپس پیدا ہورہے ہیں،اس کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
انہوںنے کہاکہ ساری صورتحال پر عوام خود اب اٹھ کھڑے ہوئے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف عوام کا سڑکوں پر نکل آنا بہت حوصلہ افزا ہے۔خواجہ آصف نے کہاکہ پاکستان میں امن کا دارومدار افغانستان میں امن میں ہے،ہم بالکل بھی افغانستان کی صورتحال میں مداخلت نہیں چاہتے۔ انہوںنے کہاکہ ہماری دفاعی افواج کے خلاف افغان سرزمین سے حملے ہوئے،ہماری مسلح افواج نے سرحد پار دہشت گردی سے نقصانات برداشت کئے،ہماری مسلح افواج ہر طرح کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں انہوںنے کہاکہ ہمارے تجربات اور قربانیوں کا کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا،افغانستان سے کسی قسم کی دہشت گردی کا بھرپور جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔
وزیر دفاع نے کہاکہ ٹی ٹی پی نے حال ہیں میں چھوٹی سطح کی لڑائی چھڑنے کی جو کوشش کی کامیاب نہیں ہوگی،ٹی ٹی پی کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ سیکیورٹی فورسز میں قیادت کی تبدیلی ایک حرمت رکھتی ہے،ہمیں اس حرمت کو برقرار رکھنا ہے،یہ قیاس آرائیوں سے مبرا ہونا چاہیے۔