آصف علی زرداری 47

دستورِ پاکستان قومی وحدت کی علامت؛ مضبوط جمہوریت کیلیے آئین پر عمل ناگزیر ہے، صدر مملکت

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ 1973 کا آئین قومی وحدت کی علامت ہے اور یہی آئین ریاست کا بنیادی قانونی و سیاسی فریم ورک فراہم کرتا ہے۔

یومِ دستور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ 1973 کا آئین طویل مشاورت اور اتفاقِ رائے کا نتیجہ تھا اور اس کی متفقہ منظوری ہی اس کی سب سے بڑی طاقت ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام چیلنجز کے باوجود آئین نے ریاستی تسلسل برقرار رکھا اور یہ اداروں کی بحالی اور استحکام کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔

صدر زرداری نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کو آئین 1973 کا معمارِ اعظم قرار دیتے ہوئے کہا کہ مختلف ادوار میں سیاسی جماعتوں نے آئین کا دفاع کیا جبکہ شہید بینظیر بھٹو نے جمہوریت کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ میثاقِ جمہوریت، جمہوری نظام کی بحالی کی بنیاد بنا اور آئین عدالتوں، تعلیمی اداروں اور انتظامیہ کے نظام کو متعین کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کا اطلاق عوامی حقوق کے تحفظ کو یقینی بناتا ہے اور عوام ہی اپنے مقدر کے اصل مالک ہیں۔صدر مملکت نے مزید کہا کہ آئین کی اہمیت اس کے مخلصانہ نفاذ میں مضمر ہے اور ایک مضبوط جمہوریت کے لیے آئین پر عملدرآمد ناگزیر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں