اسلام آباد( ر پورٹنگ آن لائن) درآمدی گندم مارکیٹ میں پہنچنے کے بعد آٹے کی قیمت میں 5 تا 7 روپے فی کلو کمی متوقع ہے۔
گندم کی طلب میں کمی کے باعث قیمتوں میں کمی ہوگی۔ سیریل ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین مزمل چاپل نے اپنے
ایک بیان میں کہا ہے کہ گندم لے کر آنے والے تین بحری جہاز پاکستان پہنچ چکے ہیں جبکہ دو مزید جہاز رستے میں ہیں جو آئندہ چند
دنوں میں پاکستان پہنچ جائیں گے۔انہوں نے کہا درآمد کنندگان نے 6 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کے آرڈرز دیئے ہیں جبکہ مزید
گندم درآمد کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال گندم کی طلب اور رسد میں 1.5 ملین تن کے
فرق کے باعث حکومت نے نجی شعبہ کو گندم درآمد کرنے کی اجازت دی ہے تاکہ طلب کو پورا کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ
درآمدی گندم لے کر آنے والے تین بحری جہاز کراچی پہنچ چکے ہیں اور یہ گندم منڈیوں میں پہنچنے کے بعد طلب اور رسد کے
فرق میں کمی ہوگی جس کے نتیجہ میں گندم کی قیمتیں بھی کم ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ آٹے کی قیمت میں 5 تا 7 روپے فی کلو
کمی متوقع ہے۔ مزید برآں دو دیگر بحری جہاز بھی راستے میں ہیں جو چند دن تک کراچی پہنچ رہے ہیں جس سے مقامی مارکیٹ
میں گندم کی رسد میں مزید بہتری ہوگی۔









