خادم حسین

درآمدات اوربرآمدات میں عدم توازان ملکی معیشت کیلئے خطرہ ہے’خادم حسین

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین نے نومبر میں کرنٹ اکائونٹ خسارہ1ارب90کروڑ ڈالر تک پہنچنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریکارڈ برآمدات کے باوجودبڑھتی ہوئی درآمدات کے باعث پیدا ہونے والے تجارتی خسارہ معیشت کے لئے مشکلات کا باعث ہے ،درآمدات زیادہ، برآمدات کم ہونے سے تجارتی خسارہ ملکی معیشت کیلئے خطرہ ہے ۔برآمدات میں اضافہ کے باوجود حکومت کو تجارتی خسارے میں مسلسل اضافہ سے بیرونی ادائیگیوں کے توازن کو برقرار رکھنے میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ جاری کھاتوں کے خسارے کے باعث ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت اور روپے گراوٹ کا شکار ہے اس لیے حکومت پرتعیش مصنوعات کی درآمدات کو کنٹرول کرے ۔

ان خیالات کااظہار انہوںنے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔خادم حسین نے کہا کہ نئی تجارتی پالیسی میں برآمدات کا ہدف57ارب ڈالرزتک بڑھانا موجودہ حالات میں غیر حقیقی دکھائی دیتا ہے حکومت کوبرآمدات میں اضافہ کے ساتھ ساتھ درآمدات پر بھی قابو پانے کی ضرورت ہے ،پرتعیش اور غیر ضروری مصنوعات کی درآمدات پر بھی قابو پانا ہوگا ۔