فیصل کریم کنڈی 33

داتا دربار حضرت سید علی بن عثمان الہجویری محبت و رواداری کا مرکز ہے’فیصل کریم کنڈی

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ حضرت سید علی بن عثمان الہجویری )داتا گنج بخش)کا مزار عقیدت، محبت، امن اور رواداری کا عظیم مرکز ہے، جہاں سے ملنے والا پیغام آج بھی پوری قوم کے لیے اتحاد و ہم آہنگی کا ذریعہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے داتا دربار میں حاضری کے موقع پر کیا۔ گورنر خیبر پختونخوا نے مزار پر انوار حضرت سید علی بن عثمان الہجویری پر حاضری دی، عقیدت کے پھول نچھاور کیے اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے ملک و قوم کی سلامتی، استحکام اور سربلندی، نیز اس کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کے لیے خصوصی دعا کی۔داتا دربار پہنچنے پر ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور شاہد حسن کلیانی نے گورنر خیبر پختونخوا کا پرتپاک استقبال کیا اور اس موقع پر ان کی دستار بندی بھی کی۔

اس موقع پر منیجر داتا دربار نعمان سیفی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر تبلیغ و تربیت سید اسرار شاہ اور دیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔اوقاف حکام نے گورنر خیبر پختونخوا کو داتا دربار توسیعی منصوبے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور جاری ترقیاتی اقدامات سے آگاہ کیا۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے اوقاف انتظامیہ کی جانب سے زائرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات، سکیورٹی انتظامات اور دیگر امور کی دل کھول کر تعریف کی اور ان اقدامات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں