شیریں مزاری 183

خواتین نے محفوظ اور باوقار طریقے سے اپنے حق کیلئے جدوجہد کی ہے، شیریں مزاری

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا ہے کہ خواتین نے محفوظ اور باوقار طریقے سے اپنے حق کیلئے جدوجہد کی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں وفاقی وزیرانسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا ہے کہ 22 دسمبر کام کرنے والی خواتین کا قومی دن ہے، ہم گھر اور باہر تمام کام کرنے والی خواتین کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ بہت سی خواتین نے محفوظ اور باوقار طریقے سے کام کرنے کے اپنے حق کے لیے جدوجہد کی ہے۔شیریں مزاری نے مزید کہا کہ بہت سی خواتین کو اپنے خاندانوں کی بقاء کے لیے کام کرنا پڑا ہے اور بہت سی خواتین جنہوں نے پیشہ ورانہ رکاوٹیں توڑ دی ہیں۔ اس دن 31 سال قبل سینکڑوں خواتین نے سرعام اجتماع پر پابندی کو توڑتے ہوئے خواتین کے قانونی حقوق پر قدغن عائد کرنے والے ایک قانون کے خلاف احتجاج کے لئے لاہور ہائی کورٹ کے سامنے پرامن مارچ کیا تھا۔ یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہوا تھا جب عورتوں نے اپنے گھروں سے باہر نکل کر اپنے مکمل اور مساوی حقوق پر اصرارکیا تھا۔

ان بہادر خواتین کی جرات بلاشبہ متاثر کن ہے۔پاکستان کی تاریخ میں محترمہ فاطمہ جناح ایسی رہنما پاکستانی خواتین کے لئے مشعل راہ بنیں۔ ہم اس بات کے معترف ہیں کہ پاکستان کی تاریخ پہلی خاتون وزیر اعظم بینظیر بھٹو سے لے کر پہلی اسپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا تک خواتین رہنماوں سے بھری پڑی ہے۔ ان کے علاوہ ہزاروں دیگر خواتین ڈاکٹر، اساتذہ، علمی شخصیات ، کاروباری خواتین ، سائنسدان، کھلاڑی اور کارکنوں نے ثابت کیا ہے کہ عورتیں معاشرہ میں اپنا کردار ادا کرسکتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں