لیاقت بلوچ 19

حکومت، میڈیا گروپس اور تجارت و صنعت ماہِ رمضان کے احترام کیلئے قرآن و سنت اور ملکی قوانین کی پابندی کریں، لیاقت بلوچ

قصور(رپورٹنگ آن لائن)نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت، میڈیا گروپس اور تجارت و صنعت ماہِ رمضان کے احترام کے لئے قرآن و سنت اور ملکی قوانین کی پابندی کریں، تاجر اور صنعت کار ذخیرہ اندوزی اور مال کی ہوس میں قیمتوں میں ناجائز اضافے جیسے ظلم سے اجتناب کریں، ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری سے بچتے ہوئے اللہ اور اس کے رسولۖ کے احکامات کی پابندی میں بڑی برکات ہیں۔

میڈیا گروپس ماہِ رمضان کی نشریات کو حقیقی معنوں میں اسوہِ رسولۖ کے پیغام کو عام کرنے کا ذریعہ بنائیں۔ اتحادِ امت اِس وقت اہلِ ایمان کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ فلسطین و کشمیر کی آزادی کے لئے فلسطینیوں اور کشمیریوں کی پشتیبانی کرنا عالمِ اسلام کی اولین ذمہ داری ہے۔ قرآنِ کریم کا حق ہے کہ اِس کی تلاوت کے ساتھ ساتھ اِس میں درج احکامات کو سمجھتے ہوئے اِن پر عمل کیا جائے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکمران ہمت کریں اور 27 رمضان المبارک کو آئینِ پاکستان کی روح کے مطابق قرآن و سنت کی بالادستی کو عملا تسلیم کرنے کا اعلان کریں،

اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات کو پارلیمنٹ میں قانون سازی کے لئے پیش کرنے کا عزم کریں اور اسلامی معاشی نظام کے نفاذ کے لئے وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے پر عملدرآمد کا صدقِ دل سے روڈ میپ دیں۔ حکمرانوں کے لئے رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں، عبادات و مناجات کو بارگاہِ الہی میں شرفِ قبولیت دِلانے کا سب سے بہترین راستہ یہی ہے کہ مملکتِ خداداد پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک اسلامی، فلاحی ریاست بنانے کا خواب شرمندہ تعبیر ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں