اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت کی ناکامی کی وجہ سے عالمی سطح پرجگ ہنسائی ہورہی ہے،ہمارے دور میں انٹرنیشنل ٹیمیں پاکستان آئیں، ملتان موٹروے پر 70 ارب کمیشن کا الزام لگایا گیا لیکن کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا، الزامات لگا کر اپوزیشن اور ن لیگ کی کردار کشی کی جاتی ہے، الزامات کے ذریعے نااہلی کو چھپاتے ہیں، وفاقی وزیر سے بدین میں اسپورٹس منصوبے بنانےکا پوچھا توغصہ ہوگئے، سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود بلدیاتی ادارے بحال نہیں ہورہے، سپریم کورٹ توہین عدالت کا نوٹس کیوں نہیں بھیج رہی؟ لاڈلہ اور تابعدار آئین اور سپریم کورٹ سے بڑا ہے، لاڈلے اور تابعدار کا مکمل احتساب کریں گے ۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس پر کمیٹی کارروائی مکمل کرچکی ہے، اسٹیٹ بینک کا ریکارڈ الیکشن کمیشن میں جمع ہوچکا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ ریکارڈ کے مطابق پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن سے اکاونٹس چھپائے، اکاونٹس میں اربوں کی ٹرانزیکشن ہوئی، ن لیگ کے دور میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہوئی، ہمارے دور میں انٹرنیشنل ٹیمیں پاکستان آئیں، حکومت کی ناکامی کی وجہ سے عالمی سطح پر جگ ہنسائی ہورہی ہے۔ سابق وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ ہم نے 3200 ارب کے پراجیکٹ پیش کیے، ہمارے دور میں 29 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان موٹروے پر 70 ارب کمیشن کا الزام لگایا گیا لیکن کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا، الزامات لگا کر اپوزیشن اور ن لیگ کی کردار کشی کی جاتی ہے، الزامات کے ذریعے نااہلی کو چھپاتے ہیں، وفاقی وزیر سے بدین میں اسپورٹس منصوبے بنانےکا پوچھا توغصہ ہوگئے، بدین پاکستان کا حصہ ہے تو نارووال کو بھارت کا حصہ نہ سمجھیں، بدین میں فنڈز لگناجائز ہے تو نارووال میں بھی فنڈز لگانا جائز ہے۔
سابق وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ نارووال اسپورٹس سے نوجوان اولمپکس میں تمغے جیت سکتے تھے، نارووال اسپورٹس سٹی حکومت کی انتقامی کارروائی کی نذر ہوگیا، نارووال اسپورٹس سٹی کو تباہ کر کے کھیل کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔ احسن اقبال نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود بلدیاتی ادارے بحال نہیں ہورہے، سپریم کورٹ توہین عدالت کا نوٹس کیوں نہیں بھیج رہی؟ لاڈلہ اور تابعدار آئین اور سپریم کورٹ سے بڑا ہے، لاڈلے اور تابعدار کا مکمل احتساب کریں گے۔ سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے مزید کہا ہے کہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ آنے والاہے، الیکشن کمیشن کو بلیک میل کررہے ہیں، چیف الیکشن کمشنر پر بدترین الزامات لگائے جارہے ہیں، چیف الیکشن کمشنر کی تقرری انہوں نے ہی کی تھی، جرائم کو چھپانے کیلئے الیکشن کمشنر پر الزامات لگائے جارہے ہیں۔