اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)نگراں وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا ہے کہ حکومت کی ماتحت سرکاری کمپنیوں کے نقصانات 500 ارب روپے تک پہنچ چکے ہیں، منافع بخش کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے، حکومت نے سرکاری کمپنیوں کے قانون کا مسودہ بنا لیا ہے، کابینہ کی کمیٹی ان کمپنیوں کی مالی حالت درست بنانے کیلئے کام کرے گی۔
نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ملکی معیشت کی بہتری کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں، منافع بخش کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے اور مالی نقصانات کے ازالے کے لئے وزارت خزانہ کمپنیوں و اداروں کی مدد کرے گی، حکومت نے حکومتی کمپنیوں کے قانون کا مسودہ بنا لیا ہے، کابینہ کی کمیٹی ان کمپنیوں کی مالی حالت درست بنانے کیلئے کام کرے گی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ گزشتہ دور میں خسارے والے بینکوں کو منافع بخش بنایا گیا، سرکاری کمپنیوں کے نقصانات کی بنیادی وجہ میرٹ کے بغیر تعیناتیاں ہیں، اب بورڈز میں ماہرین کو رکھا جائے گا چیئرمین بھی میرٹ میں لگایا جائے گا، ان کمپنیوں کو پیپرا قانون سے استثنیٰ دیا جائے گا، سی ای او کی منظوری وفاقی کابینہ دے گی۔ انہوںنے کہاکہ وزارت خزانہ میں سینٹرل مانیٹرنگ یونٹ قائم کیا جائے گا اور فنانشل نقصانات کے اذالے کیلئے حکومت مدد کرے گی۔